کرپٹ لوگوں کے خلاف شواہد عوام کے سامنے پیش کروں گا الطاف حسین

بھتہ لینے والوں پر ہزار بار لعنت،زکوٰۃ اور کھالوں کے حوالے سے الزامات افسوسناک ہیں، الطاف حسین


Express Desk June 12, 2015
بھتہ لینے والوں پر ہزار بار لعنت،زکوٰۃ اور کھالوں کے حوالے سے الزامات افسوسناک ہیں، الطاف حسین۔ فوٹو:فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ کسی بھی ملک کی فوج یا فوجی ادارے ملک کی سرحدوں کے محافظ اور لوگوں کی جان ومال کے تحفظ کے ذمے دار ہوتے ہیں لہٰذاجوکام فوج کا ہے وہ فوج کوکرنا چاہیے اور جو کام سول انتظامیہ یا پولیس کا ہے وہ انھیں کرنا چاہیے۔

رینجرزکی جانب سے زکوٰۃ فطرے اورقربانی کی کھالوں کے حوالے سے یہ الزام تراشی کرنا کہ اس سے اسلحہ خریداجاتا ہے ،انتہائی افسوسناک ہے، میںتمام کرپٹ لوگوں کی کرپشن کے بارے میں شواہدجمع کررہا ہوں جو عوام کے سامنے پیش کروں گا کہ کس کے پاس کتنی دولت ہے، کہاں سے آئی اورکیسے آئی۔ہم پرچاہے جتناہی ظلم کرلیا جائے لیکن ہم پاکستان میں انقلاب فرانس کی طرزپر انقلاب لائیں گے اور محروم عوام کوظلم کانشانہ بنانے والے جاگیرداروں، وڈیروں اورکرپٹ لوگوںکوعوامی عدالت سے سزا دلائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار الطاف حسین نے اے پی ایم ایس او کے37 یوم تاسیس کے سلسلے میں مختلف مقامات پر منعقدہ اجتماعات سے بیک وقت ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یوم تاسیس کا مرکزی اجتماع جناح گراؤنڈ عزیزآباد کراچی میں ہوا،ان اجتماعات میں اے پی ایم ایس او کے کارکنان کے علاوہ طلبا وطالبات نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں الطاف حسین نے اے پی ایم ایس او کے تمام ذمے داروں اورطلبا وطالبات سمیت دنیا بھر میں ایم کیوایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کو یوم تاسیس کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اے پی ایم ایس او محروموں کی تحریک ہے۔

اے پی ایم ایس او نے مہاجر قومی موومنٹ کوجنم دیا اورمہاجرقومی موومنٹ نے متحدہ قومی موومنٹ کوجنم دیا جوپورے ملک کے غریبوں اور محروموں کیلیے جدوجہد کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ میرے خطاب کو براہ راست نشر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے لیکن یہ پابندیاں37 سالہ جدوجہد میں بہت مرتبہ لگائی جاچکی ہے، میں اللہ کی رحمت اور اس کے انصاف پریقین رکھتے ہوئے جدوجہد کرتا رہا ہوں ۔

آج مجھے جلاوطنی میں 25 برس ہوگئے لیکن میری جدوجہد آج بھی جاری ہے ۔الطاف حسین نے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ تین روز قبل ڈی جی رینجرز اور دیگراکابرین کا یہ اجلاس گورنر ہاؤس میں منعقد ہوا تھاجس میں کہاگیا تھا کہ زکوٰۃ، فطرے اورچرم قربانی کی آڑ میں بھتہ لیاجاتا ہے۔

انھوں نے کہاکہ جوبھتہ لیتے ہیں ان پر خدا کی ہزاربار لعنت۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی الیکشن کے دن کئی جگہوں پر پولنگ کا عمل تاخیرسے شروع کیا گیا ، کئی خواتین نے ٹیلی ویژن پر آکر شکایت کی کہ ان سے رینجرز کے اہلکار دریافت کررہے ہیں کہ وہ کس کوووٹ دیں گی؟ اور رینجرز کے بعض اہلکاروں کی جانب سے تو خواتین سے یہاں تک کہاگیا کہ وہ ''بلے '' پر مہرلگائیں ۔ انھوں نے کہاکہ یہ باتیں مجھے خواتین اور بزرگوں نے بتائی ہیں اگرانھوں نے غلط بیانی سے کام لیا ہے تو وہ جانیں اور اللہ تعالیٰ جانے۔

الطاف حسین نے کہاکہ ٹیلی ویژن پر این اے 246 کے ضمنی الیکشن کے نتائج کے موقع پر بعض متعصب، شاؤنسٹ اورایم کیوایم دشمن اینکرپرسن اور تجزیہ نگار خوشی سے کہہ رہے تھے کہ ضمنی الیکشن میں ایم کیوایم کے امیدوارکی کامیابی مشکل ہوگی کیونکہ رینجرز کے اہلکار نہ صرف پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات ہیں بلکہ ووٹوں کی گنتی کاعمل بھی رینجرز کی نگرانی میں کیاجارہا ہے لیکن جب نتیجہ ایم کیوایم کے امیدوار کے حق میں آنے لگا تو یہی عناصر کہنے لگے کہ اگر ایم کیوایم جیت بھی گئی تو محض ایک ڈیڑھ ہزارووٹ سے ہی جیت سکے گی لیکن جب گنتی کاعمل مکمل ہوگیا تو یہ متعصب عناصر جب یہ بتانے لگے کہ حق پرست امیدوار نے95 ہزار ووٹ حاصل کیے ہیں تو انکے منہ بن رہے تھے ۔

الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام ذمے داروں ، کارکنوں اور ہمدردوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اب رمضان المبارک میں زکوٰۃ ،فطرہ، صدقہ اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنا آپ کیلیے امتحان اور انا کامسئلہ بن چکا ہے ، خواہ آپ کی راہ میں کتنی ہی رکاوٹیں کیوں نہ کھڑی کردی جائیں آپ کو حکمت عملی کے تحت اس امتحان میں کامیاب ہونا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ہم زکوٰۃ ،فطرہ، صدقات اور قربانی کھالیں ،خلق خدا کی خدمت کیلیے جمع کرتے ہیں ۔

ان رقوم سے ایمبولینس اور میت گاڑیاں خریدتے ہیں، کشمیرمیں قیامت خیز زلزلے ہوں یا بلوچستان اورسندھ کے تھرمیں قحط یاپنجاب میں طوفان ہو ہر موقع پر خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت متاثرین کی امداد کی جاتی رہی ہے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ حکمرانوں کے بقول1999ء میں جنرل پرویزمشرف نے آئین توڑا۔حقیقت تویہ ہے کہ12 اکتوبر 1999ء کوجس وقت نوازشریف حکومت کوبرطرف کیاگیاتواس وقت جنرل پرویزمشرف توہوائی جہازمیں سفرکررہے تھے، اس وقت زمین پر جوجرنیل موجودتھے انھوں نے وزیراعظم نوازشریف کی حکومت کاتختہ الٹا، انھوں نے نوازشریف کوحراست میں لیالیکن یہ کہاں کاانصاف ہے کہ حکومت برطرف کرنے اورآئین توڑنے پر جنرل پرویزمشرف کوتوگرفتارکرکے ان پرآرٹیکل6کامقدمہ بنادیا گیا لیکن جن افسران نے نوازشریف کاتختہ الٹاان کوچھوڑدیاگیا۔جنرل پرویزمشرف پرآرٹیکل6کامقدمہ شوق سے بنائیں لیکن آرٹیکل6 کے تحت بالواسطہ یابلاواسطہ ساتھ دینے و الوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے ۔الطاف حسین نے کہاکہ آج سندھ، پنجاب، بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں غریبوںپر کیا گزررہی ہے ۔

کس طرح جاگیردار وڈیروں نے اپنی نجی جیلیں بنارکھی ہیں جہاں غریبوں کو قیدکرکے رکھا جاتاہے لیکن یہ سب کچھ رینجرز کونظرنہیں آتا۔ رینجرزکوکراچی میں اسلحہ نظرآتاہے لیکن چندروزقبل خیبرپختونخوامیں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر جدید اسلحہ کا استعمال کیاگیااورگولیاں چلائی گئیںجس سے کئی افرادجاں بحق ہوگئے لیکن رینجرزکویہ بھی نظرنہیں آیا ،انھوں نے کہا کہ ہم پر جھوٹے الزامات لگانے والے مجھ پر چاہے جومقدمہ بنانا چاہیں بنالیں اورمجھے جس عدالت میں چاہیں لے جائیں میں اس کیلیے تیارہوں،میرادامن صاف ہے اور میرا ضمیر مطمئن ہے۔

الطاف حسین نے بزرگوںکومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ اپنے بچوںکواے پی ایم ایس او کے قیام کی وجوہات اورتاریخ ضرور بتائیں اوریہ بھی بتائیں کہ ان کی شناخت کیاہے کیونکہ جب وہ ملازمت کیلیے انٹرویودینے جائیں گے توان سے یہی پوچھاجائے گا کہ آپ کہاںپیداہوء، آپ کے باپ داداکہاں پیداہوئے ،جب وہ بتائیں گے کہ وہ انڈیامیں پیدا ہوئے اورہجرت کرکے آئے توان سے کہاجائے گاکہ آپ مہاجرہیں لہٰذاآپ کونوکری نہیں دی جاسکتی۔ انھوں نے کہاکہ حضرت علی ؓ کاقول ہے کہ حکومت کفر سے قائم رہ سکتی ہے لیکن ظلم وجبرسے قائم نہیں رہ سکتی ۔

ہم پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں، نائن زیرو پر ہمارے پیارے جواں سال کارکن وقاص علی شاہ کوگولیاں مارکرکے شہیدکردیاگیااورالٹاہم پرہی طرح طرح کے جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں۔انھوں نے کہاکہ جو عناصر اپنی طاقت کے بل پر بانیان پاکستان کی اولادوں کو غدارقراردے رہے ہیں وہ پاکستان کوتباہ وبربادکرناچاہتے ہیں۔وہ چاہے جتنی منصوبہ بندی کرلیں لیکن وہ چار یاپانچ کروڑ مہاجروںکو سمندر میں نہیں پھینک سکتے اورانھیں ختم نہیں کرسکتے۔ کوئی دیکھے یانہ دیکھے اللہ تعالیٰ یہ سب ظلم وستم دیکھ رہاہے اوروہی بہترانصاف کرنے والا ہے ۔ انھوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب پر کرم فرمائے اورظلم وستم کرنے والوں کوعقل دے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں