عالمی اداروں کے دباؤ پر سیودی چلڈرن پر پابندی کا فیصلہ واپس

امریکا محفوظ اورمعاشی طور پرمستحکم جمہوری پاکستان کے قیام کے لیے حکومت کے ساتھ ہے، جان کیری


INP/Express Desk June 15, 2015
امریکا محفوظ اورمعاشی طور پرمستحکم جمہوری پاکستان کے قیام کے لیے حکومت کے ساتھ ہے، جان کیری۔ فوٹو: فائل

لاہور: بین الاقوامی تنظیم سیودی چلڈرن کے پاکستان میں دوبارہ کام شروع کرنے کیلیے امریکی دباؤ بڑھا تو حکومت نے اس کے سامنے سرِ تسلیمِ خم کردیا۔

این جی اوکے افسروں نے مختلف سیاستدانوں اور بیورکریٹس سے رابطے کیے جس کے بعدوزارت داخلہ نے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں سیو دی چلڈرن کی بندش کے حکم کو تاحکم ثانی مؤخر کردیا گیا۔نوٹیفکیشن میں کہاگیا ہے کہ اگلے حکم نامے تک امریکی این جی او پاکستان میں اپنے آپریشنز جاری رکھ سکتی ہے اور متعلقہ حکام کی اجازت سے سیو دی چلڈرن کے دفاتردوبارہ کھولنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ اقتصادی امور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے سیو دی چلڈرن پر عائدپابندی اٹھانے کا فیصلہ امریکی اور مختلف ڈونرز کے شدید دباؤکے بعدکیا۔اقتصادی امورڈویژن نے یہ بھی انکشاف کیاکہ پاکستان میں127غیرملکی این جی اوزغیرقانونی طور پر کام کررہی ہیں۔اس حوالے سے فہرست وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق این جی اوز سے متعلق صورتحال کاجائزہ لینے کے لیے وزیرداخلہ نے آئندہ 48 گھنٹوں میں اجلاس طلب کیا ہے جس میں وزارت خارجہ، وزارت اقتصادی اموراورحساس اداروں کے حکام شریک ہوںگے جس میں واچ لسٹ پرموجود این جی اوز کے مستقبل کے حوالے سے فیصلے کیے جائیںگے۔قبل ازیں امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے پاکستان میں بین الااقوامی خیراتی اداروں اور این جی اوزکے خلاف کارروائی پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ این جی اوز کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا کام کرنا چاہیے۔ جان کیری نے ایک بیان میں کہاکہ سیو دی چلڈرن، ان این جی اوز میں سے ایک ہے جوشفافیت کے ساتھ حکومت پاکستان کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے کام کررہی ہے۔جان کیری نے کہاکہ امریکا محفوظ اورمعاشی طور پرمستحکم جمہوری پاکستان کے قیام کے لیے حکومت کے ساتھ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں