ایکسپریس میڈیا گروپ کے تحت ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا شاندار اختتام

کراچی کے موجودہ حالات میں اتنے بڑے پیمانے پرایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا انعقاد غیرمعمولی عمل ہے


Umair Ali Anjum June 15, 2015
قریب کے اختتام پرکامیابی حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں گئیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ کے تحت کراچی میں جاری ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو میں زبردست جوش وخروش پایاگیا 2 روزہ نمائش اپنی مکمل آب وتاب اور خوبصورت یادوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔

ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کے آخری روزعوام کی بڑی تعدادنے شرکت کی، اوراس نمائش سے نہ صرف لطف اندوز ہوئے، بلکہ ہزاروں طلبانے تعلیمی کیریئر کے حوالے سے منفردومفیدمعلومات اوررہنمائی حاصل کی،شرکا نے کامیاب نمائش پر ایکسپریس میڈیا گروپ کی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ کراچی کے موجودہ حالات کے باوجودایکپسریس نے ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے، اس مرتبہ بھی کامیاب نمائش کا انعقادکیاہے،اس نمائش سے نہ صرف شہریوں کوصحت مندانہ تفریح فراہم ہوئی ہے، بلکہ تعلیمی اداروں اورطلباکے درمیان یہ نمائش رابطے کاموثرذریعہ ثابت ہوئی ہے اورہزاروں طلبا نے اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے تعلیمی گائیڈلائن بھی حاصل کی ہے،نمائش کے دوسرے اورآخری روزموسیقی اور فیشن شو کے مقابلے بھی ہوئے۔

میوزک کے مقابلوں میں آرینہ ملٹی میڈیا،بحریہ یونیورسٹی،بقائی میڈیکل یونیورسٹی، دادا بھائی انسٹیٹوٹ، ڈی ایچ اے صفا یونیورسٹی، ہمدرد یونیورسٹی، آئی اے سی ٹی، آئی سی ایم اے پاکستان، سر سید یونیورسٹی، میریٹیوس سائنس، نذیر حسین یونیورسٹی، این ای ڈی، پی اے این کراچی، پرسٹن یونیورسٹی، سندھ مدرستہ السلام، کراچی یونیورسٹی، ضیاالدین یونیورسٹی، کے طلبہ وطالبات شامل تھے،مقابلے کے ججزمیں ملک کے ممتازگلوکارعلی حیدر، غلام عباس، آصف مہدی، تنویر آفریدی، مظہرامراوبند خان، شامل تھے۔موسیقی کے مقابلے میں ڈی ایچ اے صفایونیورسٹی نے پہلی، بقائی یونیورسٹی نے دوسری، جبکہ سرسید یونیورسٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پرعلی حیدرنے کہاکہ کراچی میں ایکپسریس میڈیا گروپ نے روایت کوقائم رکھتے ہوئے شاندارایونٹ کاانعقادکیاہے جس پرمیں ایکسپریس کی انتظامیہ کو مبارکبادپیش کرتا ہوں، نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اگرایکسپریس میڈیاگروپ کی طرح دیگرادارے بھی نئے فنکاروں کومواقع فراہم کریں توان کا مستقبل روشن ہوگا۔

کراچی کے موجودہ حالات میں اتنے بڑے پیمانے پرایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا انعقاد غیرمعمولی عمل ہے۔گلوکارغلام عباس نے کہاکہ کراچی مہدی حسن کاشہر ہے اوراس شہرنے کئی بڑے فنکاورں کوجنم دیا ہے، میری خوش قسمتی ہے کہ میں ایکسپریس میڈیاگروپ کے اس ایونٹ میں جج کی حیثیت سے شریک ہوا ہوں، ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کے انعقاد پر ایکسپریس کی انتظامیہ کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔تقریب کے اختتام پرکامیابی حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں گئیں جبکہ ججزکوبھی ایکسپریس کی جانب سے شیلڈزپیش کی گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔