نادرا کی بائیومیٹرک سسٹم کے تحت انتخابات کرانے سے معذرت

ہمارے پاس ایسی ٹیکنالوجی نہیں جس کے تحت انتخابات 9 گھنٹے میں مکمل کرلیے جائیں،نادرا کا موقف


Wajid Hameed June 17, 2015
ٹیکنالوجی نہیں،نادراکاکام شناختی کارڈبناناہے انتخابات نہیں،الیکشن کمیشن کوجواب ۔فوٹو:فائل

ISLAMABAD: نادرا نے پائلٹ پروجیکٹ کے طور پی پی 100 گوجرانوالہ میں بائیو میٹرک سسٹم کے تحت انتخابات کرانے سے معذرت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو صاف جواب دیدیا ہے کہ نادرا کا کام شناختی کارڈ بناناہے،بائیو میٹرک سسٹم کے تحت انتخابات کرانا نہیں۔

نادراکی طرف سے الیکشن کمیشن کوبتایا گیا ہے کہ ان کے پاس بائیومیٹرک سسٹم کے تحت انتخابات کرانے کی ٹیکنالوجی ہی نہیں۔ موجود ہ ٹیکنالوجی کے تحت 24 گھنٹے میں صرف 60 سے 70 ہزار ووٹوں کی تصدیق کی جا سکتی ہے جبکہ پولنگ کے 9 گھنٹے ہوتے ہیں اور مذکورہ حلقے کے کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار ہے۔ ایک لاکھ ووٹرز بھی آجائیں تو پولنگ کے لیے کم از کم 20 گھنٹے درکارہوں گے۔

ڈی جی الیکشن کمیشن بریگیڈیئر(رٹائرڈ)عباس کی صدارت میں بدھ کو الیکشن کمیشن میں گوجرانولہ کے حلقے میں بائیومیٹرک سسٹم کے تحت انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کی سفارشات پر ایک حلقے میں پائلٹ پروجیکٹ کے تحت ضمنی انتخابات کرانے کے حوالے سے اجلاس بلایا گیا تھا۔ نادراکے جواب کے بعد الیکشن کمیشن نے پی پی 100 گوجرانولہ میں بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ضمنی انتخابات کا پائلٹ پروجیکٹ موخر کر دیاہے۔

نادرانے 2013 میں بائیومیٹرک انتخابات کرانے کی صلاحیت حاصل ہونے کے دعوے کے 2سال بعد الیکشن کمیشن کواپنے نئے موقف سے آگاہ کیا کہ ان کے پاس ایسی ٹیکنالوجی نہیں جس کے تحت انتخابات9 گھنٹے میں مکمل کرلیے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔