ٹھنڈی ہوا کے مزے اے ٹی ایم بوتھز پر گداگروں کے ڈیرے

گداگر پیسے نکلوانے کے لیے آنے والے شہریوں کو مشین خراب ہے کا کہہ کر اے ٹی ایم بوتھ کے دروازہ بند کرلیتے ہیں


نمرہ ملک June 24, 2015
بینک انتظامیہ اورقانون نافذ کرنے والے ادارے توجہ نہیں دے رہے ہیں، لوٹ مار کا واقعہ بھی ہوسکتا ہے، شہری ۔ فوٹو : فائل

شہر قائد کی آگ برساتی گرمی کا گداگروں نے توڑ نکال لیا، گرمی کی شدت کے باعث شہر قائد کے متعدد اے ٹی ایم بوتھ پر گداگروں نے ڈیرے ڈال دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں کلفٹن، ڈیفنس، طارق روڈ، گلشن، گلستان جوہر، ناظم آباد اوردیگر مقامات پر قائم اے ٹی ایم پر گداگروں نے دن اور رات کے اوقات میں قبضہ کرنا شروع کردیا ہے جس کے باعث شہریوں کو نہ صرف مشکلات کا سامنا ہے بلکہ لوٹ مار کا خدشہ بھی بڑھ گیا۔

ڈیفنس کے علاقے میں ایسا ہی ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں مقامی بینک کے اے ٹی ایم بوتھ میں گداگر داخل ہوگیا اور گیٹ کو اندر سے بند کردیا، اور ہر آنے والے کو یہ کہہ کر ٹالتا رہا کہ مشین خراب ہے بعد میں آنا جبکہ درحقیقت وہ وہاں چلنے والے اے سی کی ٹھنڈی ہوا میں پر سکون نیند سے محظوظ ہورہا تھا،اسی طرح کے متعدد واقعات دیگر مقامات پر بھی دیکھنے کو آرہے ہیں۔

جس سے شہریوں کی اے ٹی ایم مشینوں تک رسائی مشکل ہوگئی ہے،شہری ذیشان کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم مشین پردو تین بار چکر لگا چکا ہوں لیکن بوتھ میں موجود فقیر کا کہنا ہے کہ مشین خراب ہے بعد میں آنا، یہ شہر اب لاوارث ہوچکا ہے اس کا کوئی پرسان حال نہیں اگر کسی کوایمرجنسی میں پیسے نکلوانے ہوں تو وہ پہلے اب شہر کے اے ٹی ایم کے چکر ہی لگاتا رہے کہ کونسا خالی ہے اور مالی نقصان کا خدشہ بھی ہے کیونکہ کیا پتہ کہ اندر موجود فرد گداگر ہے یا چور، اس طرح کی صورتحال سے پیشہ ور خواتین بھی پریشان ہیں،ان کا کہنا ہے کہ انھیں نا صرف مالی نقصان کا ڈر ہے بلکہ انکی ذات کو بھی خطرہ لاحق ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں