تحریک انصاف کا پارٹی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے رابطہ

کارکنان کی یونین کونسلوں کے تعین کیلیے مدد مانگی گئی ہے ،تسنیم نورانی کی تصدیق


سہیل چوہدری June 27, 2015
کارکنان کی یونین کونسلوں کے تعین کیلیے مدد مانگی گئی ہے ،تسنیم نورانی کی تصدیق فوٹو: فائل

تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن کیلیے الیکشن کمیشن سے رابطہ کرلیا ہے، تحریک انصاف کے الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھا ہے کہ ممبر سازی کے دوران کارکنوں کی یونین کونسلوں کے تعین میں الیکشن کمیشن مددکرے، چیئرمین تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کیلیے سابق سیکریٹری داخلہ تسنیم نورانی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن قائم کیا ہے جس کا مقصد شفاف انٹرا پارٹی انتخابات کرانا ہے۔

ذرائع کاکہنا ہے تحریک انصاف کے الیکشن کمیشن کا ماننا ہے کہ شناختی کارڈزکے ذریعہ تحریک انصاف نے ممبرسازی کی ہے اور ایک کروڑ سے زائد ممبران کی اسکروٹنی کے بعد70 لاکھ ووٹرزکو حتمی شکل دی ہے۔

تحریک انصاف نے بڑی باریک بینی سے ووٹر فہرستیں تیارکی ہیں لیکن اس کے باوجود موثرطریقہ سے انتخابات کرانے میں مشکل کا سامنا ہے ۔پارٹی کارکنان کی ممبر سازی کا عمل شناختی کارڈز کے ذریعہ کیا گیا ہے لیکن شناختی کارڈز کے اندر ایڈریسزمیں اس بات کا تعین نہیں ہو سکتاکہ کارکنوں کا تعلق کن کن یو نین کونسلوں سے ہے۔

تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن چاہتا ہے کہ ووٹر لسٹ یونین کونسل وائز کی جائے تاکہ ممبر سازی بھی موثر ہو اور انٹرا پارٹی الیکشن بھی ہوسکے۔ تحریک انصاف کے الیکشن کمشنر سابق سیکریٹری داخلہ تسنیم نورانی نے رابطہ پرتصدیق کی ہے۔ آئی این پی کے مطابق تسنیم نورانی نیعمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن کیلیے فہرستیں درست کی جائیں اور دس ہزار افراد فراہم کیے جائیں تا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جاسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔