’’کراچی سے لاہور‘‘ کی تشہیری مہم کا شیڈول جاری

ایڈوانس بکنگ شروع ہوگئی ، فلم 31 جولائی کو ملک بھر کے سینما گھروں کی زینت بنے گی


نمرہ ملک July 25, 2015
ایڈوانس بکنگ شروع ہوگئی ، فلم 31 جولائی کو ملک بھر کے سینما گھروں کی زینت بنے گی ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: فلمسازوہدایت کار وجاہت رؤف کی فلم ''کراچی سے لاہور'' کی تشہیری مہم کا شیڈول جاری ہوگیا، فلم کی کاسٹ کراچی کے مقامی سینما گھروں میں فلم کی تشہیری مہم میں حصہ لیں گے جس میں وہ فلمی شائقین اور پرستاروں کے ساتھ تصاویر بنوائیں گے جب کہ ایڈوانس بکنگ بھی خود کریں گے، سوالات جوابات کا سیشن بھی رکھا جائے گا۔

اس سلسلے میں فلم کی کاسٹ نے گذشتہ روز ایٹریم سینما کا رخ کیا اورعوام کے ساتھ خوشگوار وقت گزارا۔ یہ فلم پاکستان کی پہلی رومانوی مزاحیہ سفری کہانی ہے جو کراچی سے لے کر لاہور تک کے سفر کے دوران پیش ہونے والے کٹھے میٹھے واقعات پر مبنی ہے۔

فلم کی کاسٹ میں جاوید شیخ، عائشہ عمر، شہزاد شیخ اور رشید ناز شامل ہیں۔''کراچی سے لاہور'' میں نئے چہرے احمد علی، عاشر وجاہت اور منتہیٰ مقصود بھی اپنے فن کے جوہر دکھائیں گے جب کہ فلم کی کہانی یاسر حسین نے تحریر کی ہے۔ فلم کا میوزک شیراز اْپل اور نوری بینڈ کے علی حمزہ اور علی نور نے دیا ہے، جب کہ اس میں ایک آئٹم نمبر بھی رکھا گیا ہے۔

شہزاد شیخ نے فلم کی تشہیری مہم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے '' ایکسپریس '' کوبتایا کہ ''کراچی سے لاہور'' کی پوری ٹیم نے تشہیری مہم کو بھرپوراندازسے چلانے کے لیے شیڈول ترتیب دیدیا ہے اس سلسلے میں 25 جولائی کو سینیپیکس سینما میں جب کہ 26 جولائی کو نیوپلیکس سینما میں جائیں گے۔ فلم 31 جولائی کو ملک بھر کے سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں