اسپیشل اولمپکس کھلاڑیوں کو مختلف گروپس میں تقسیم کر دیا گیا

پاکستانی پلیئرز کی ابتدائی روز9 کھیلوں میں شاندار کارکردگی، جلد حتمی ڈراز کا اعلان ہوجائے گا، رونق لاکھانی


پاکستانی پلیئرز کی ابتدائی روز9 کھیلوں میں شاندار کارکردگی، جلد حتمی ڈراز کا اعلان ہوجائے گا، رونق لاکھانی فوٹو : فائل

اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق مختلف گروپس میں تقسیم کردیا گیا ہے۔

پاکستانی پلیئرز نے اس مرحلے میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے، پاکستان اسپیشل اولمپکس کی چیئر پرسن رونق لاکھانی کے مطابق کھلاڑیوں کو ان کی کارکردگی، معذوری کی نوعیت اورعمرکے مطابق مختلف کیٹیگریزمیں تقسیم کیاجاتا ہے تاکہ مختلف ملکوں کے ہم پلہ پلیئرزکے مابین مقابلے ہوسکیں، اس مرحلے میں پاکستانی کھلاڑیوں نے توقعات کے مطابق کارکردگی دکھائی، منتظمین کی جانب سے ڈراز کا اعلان بھی جلد متوقع ہے، جس کے بعد معلوم ہوسکے گا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے مد مقابل کس ملک کے پلیئرز آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق لاس اینجلس کنونشن سینٹر کے ہال میں بیک وقت دس کھیلوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کا صلاحیتوں کا جائزہ لیاگیا جس کے بعد انھیں ایک دوسرے کے مد مقابل لانے کے لیے مختلف کیٹیگریزاوران کی عمر کے حوالے سے کھلاڑیوں کی ترتیب کو حتمی شکل دی گئی، پاکستانی کھلاڑیوں نے نومختلف کھیلوں کی ڈویژننگ میں شرکت کی جس کے بعد اگلے چوبیس گھنٹوں میں ڈراز کا اعلان متوقع ہے۔

جس کے بعد کھلاڑیوں کے درمیان مقابلوں کا باضابطہ آغاز ہو جائے گا۔ اس موقع پر پاکستانی آفیشلز بھی لاس اینجلس کنونشن سینٹر اور یونیورسٹی آف سدرن لاس اینجلس میں موجود تھے۔ پاکستان اسپیشل اولمپکس کی چیئر پرسن رونق لاکھانی نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو میں بتایا کہ دنیا بھر سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کو ان کی کارکردگی ،ان کی معذوری کی نوعیت اور عمر کے مطابق کیٹیگریز میں تقسیم کیا جاتا ہے تاکہ تمام کھلاڑی ہم پلہ کھلاڑیوں سے مقابلے کریں اور دونوں برابری کی بنیاد پر میچز میں مد مقابل ہوں۔

رونق لاکھانی کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں نے توقعات کے مطابق کارکردگی دکھائی اور اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران منتظمین کی جانب سے ڈراز کا اعلان کر دیا جائے گا جس کے بعد پتہ چلے گا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے مد مقابل کس ملک کے کھلاڑی ہوں گے، انھوں نے مزید کہا کہ ابتدائی مرحلے میں کھلاڑیوں کی کارکرگی کو دیکھتے ہوئے مجھے یقین ہے کہ دوسرے مرحلے میں کھلاڑی کامیابیوں کے ہم سفر ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں