کنگنا نے’’رنگون‘‘ کیلیے تلواربازی اورگھڑ سواری سیکھیں گی

اداکارہ نے نیویارک میں تین ماہ قیام کے دوران بیلے رقص سیکھا


Showbiz Desk July 29, 2015
کنگنا رناوت کی عمران خان کے ساتھ ’’کٹی بٹی‘‘ مکمل ،تشہیری مہم جاری، فلم 18 ستمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی ۔فوٹو : فائل

وشال بھردواج کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی فلم ''رنگون'' اپنے اعلان کے ساتھ ہی اپنی کاسٹ کی وجہ سے اہمیت اختیار کرچکی ہے۔

ساجد نڈیاڈ والا کی پروڈکشن میں بنائی جانے والی فلم میں بالی ووڈ اداکارہ کنگنارناوت غیرملکی شخصیت ''جولی'' کا کردار نبھارہی ہیں جب کہ سیف علی خان اور شاہد کپور بھی ایک ساتھ اہم کردار نبھا رہے ہیں۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ کنگنارناوت جو ایک وقت میں ایک ہی فلم پر بھر پور توجہ دینے کے معاملے میں مشہور ہیں اور وہ اس فلم میں ایک غیر ملکی اسٹار کا کردار نبھا رہی ہیں، خود کو مکمل طور پر کردار میں ڈھالنے کے لیے کافی تیاری کر رہی ہیں۔

حال ہی میں وہ بیرون ملک سے فائٹ کے علاوہ بیلے رقص کی تین ماہ تک تربیت لے چکی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کنگنا نے کچھ ہفتے نیویارک میں قیام کے دوران بیلے رقص سمیت جدید ڈانس کی تربیت لی اور اب اس میں کافی حد تک مہارت حاصل کر چکی ہیں۔

اس کے علاوہ کنگنا رناوت ''جولی ''کے کردار میں گھڑ سواری اور تلواربازی کے مناظر شوٹ کرنے کے لیے کیرالہ کے ایک آشرم میں مارشل آرٹ کے علاوہ تلوار بازی کی تربیت حاصل کر رہی ہیں جب کہ جے پور میں انھوں نے گھڑ سواری سیکھنے کے لیے ایک ماہر ٹرینر کی خدمات بھی حاصل کرلی ہیں اورجلد ہی کیرالہ چلی جائیں گی۔

دوسری طرف کنگنا کی عمران خان کے ساتھ فلم ''کٹی بٹی'' بھی مکمل ہوچکی ہے اور ان دنوں اس کی تشہیری مہم جاری ہے۔ نکھل ایڈوانی کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی اس کامیڈی فلم میں کنگنا پائل کا کردار ادا کررہی ہیں جو ہیرو مادھو کبرا کی محبت میں گرفتار ہوجاتی ہے۔ ''کٹی بٹی'' یو ٹی وی موشن پکچرز کے بینر تلے رواں برس 18 ستمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں