سونے کے ذخائر پاکستانی دسترس میں آگئے

گول میڈلزکی مجموعی تعداد 7 ہوگئی،چاندی کے 4 اور کانسی کے5  تمغے بھی باہمت ایتھلیٹس کے گلے کا ہار بن گئے


گول میڈلزکی مجموعی تعداد 7 ہوگئی،چاندی کے 4 اور کانسی کے5  تمغے بھی باہمت ایتھلیٹس کے گلے کا ہار بن گئے.فوٹو : فائل

اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں پاکستان نے سونے کے ذخائر پر قبضہ جمانا شروع کردیا ہے، قومی کھلاڑیوں نے چھٹے روز 6 گولڈ میڈلز اپنے نام کیے، طلائی تمغوں کی مجموعی تعداد 7 ہوگئی، چاندی کے 4 اور کانسی کے 5 تمغے بھی پاکستانی گلے کا ہار بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی شہر لاس اینجلس میں جاری اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں پاکستان کے خصوصی کھلاڑیوں کی حسب توقع شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، قومی پلیئرز نے جمعرات کو کھیلوں کے چھٹے دن سونے کے 6 تمغے جیتے۔ ایتھلیٹکس دو سو میٹر ریس میں رامیل ارشاد نے مقررہ فاصلہ 29.26 سیکنڈز میں طے کر کے سونے کا تمغہ جیتا۔ دوسری طرف ٹینس ڈبلز ایونٹ کے فائنل میں پاکستانی جوڑی نے وینزویلا کے پیئر کو آسان مقابلے میں زیر کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی ، محمد آصف قیوم اور احسن انور نے مد مقابل وینزویلا کے سلیمان اورسکندر کو اسٹریٹ سیٹس میں 4-2 اور4-0 سے شکست دی۔

قبل ازیں پاکستان کے ٹیبل ٹینس کے گروپ ون محمد ارحام نے پاکستان کو طلائی تمغے کا حقدار بنایا، خواتین کے ڈویژن دو کے ٹیبل ٹینس سنگلز فائنل میں پاکستان کی رقیہ کو شکست ہو گئی فائنل میں ان کا مقابلہ ہانگ کانگ کی سی تیانگ سے تھا جو سی تیانگ نے دو صفر سے جیت لیا یوں پاکستان چاندی کے تمغے کا حقدار ٹھہرا۔ بیڈمنٹن سنگلز میں پاکستان کے جہانزیب نے سبز ہلالی پرچم سربلند رکھا انھوں نے فائنل میں ایسل آف مین کے ووشر کیخلاف اسٹریٹ گیمز میں کامیابی حاصل کی اسکور2-0 رہا۔

جمعرات کو پاکستان کے پیراک عاصم ذر کے لیے گولڈ میڈل کا باقاعدہ نوٹی فیکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ سو میٹر فری اسٹائل میں انھوں نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی تاہم نتیجہ روک دیا گیا تھا۔ادھر لاس اینجلس کے طویل ساحل پر لانگ بیچ میں منعقدہ سائیکلنگ مقابلوں میں پاکستان کی عظمیٰ یوسف نے سونے کا تمغہ جیتا انھوں نے ایک کلو میٹر کا فاصلہ دو منٹ سینتیس سیکنڈز میں طے کیا جبکہ پاکستان ہی کی خدیجہ نے ان مقابلوں میں پاکستان کیلیے چاندی کا تمغہ جیتا۔ سوئمر اقصیٰ نے پچا س میٹر بیک اسٹروک میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں