ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیرئیر ایکسپو2015اختتام پذیر

طلبہ و طالبات نے تعلیم اورکیریئرکونسلنگ کی مفید معلومات حاصل کیں،میڈیکل کیمپس میں مفت طبی معائنہ بھی کرایا


لاہور:ایکسپریس میڈیاگروپ کے زیراہتمام ایکسپریس ایجوکیشن اینڈکیریئرایکسپوکے اختتام پر ایسوسی ایٹ ڈائریکٹرمارکیٹنگ ایکسپریس شرمین خرم پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالی جی سی یونیورسٹی کوٹرافی دے رہی ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیراہتمام 2روزہ ''ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئرایکسپو2015ء'' جمعرات کو فلیٹیزہوٹل لاہور میں اختتام پذیر ہو گئی۔

60 سے زائد تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کی طرف سے لگائے گئے اسٹالز پر صبح سے ہی رش لگنا شروع ہو گیا جو نمائش کے اختتام تک جاری رہا جبکہ نمائش میں فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے پرگورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے مجموعی طورپرپہلی پوزیشن اپنے نام کر لی، پنجاب یونیورسٹی دوسرے اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد تیسرے نمبر پر رہیں۔

''ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو2015ء ''میں دوسرے روز طلبہ وطالبات، انکے والدین اورتعلیم وتحقیق سمیت دیگرشعبہ جات سے وابستہ افراد سے ہال سارادن بھرارہا۔ طلبہ و طالبات نے مطلوبہ تعلیم کے حصول اور کیریئرکونسلنگ کے سلسلے میں مفید معلومات اور رہنمائی حاصل کی۔ شرکاء نے مختلف اداروں کی طرف سے لگائے گئے میڈیکل کیمپس میں بلڈپریشر، شوگر ٹیسٹ اورآنکھوں کا مفت معائنہ بھی کرایا۔

اس موقع پر طلبا وطالبات نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ کا تعلیم کے شعبے میں یہ بہت بڑا کارنامہ ہے کہ طالب علموں کیلیے اتنی کثیر تعداد میں یونیورسٹیوں اوردیگر تعلیمی اداروں کو بہترین ماحول میں اکٹھاکیا جہاں سے لوگوں کو بڑی مفید معلومات ملیں۔ ایسی معلوماتی نمائشوں کا اہتمام جاری رہنا چاہیے۔

ایجوکیشن ایکسپو میں دی یونیورسٹی آف لاہور،پنجاب گروپ آف کالجز،آئی سی ایم اے پاکستان،میریٹورس ایجوکیشن نیٹ ورک، بی زیڈ یولاہور کیمپس،پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی، سیما پاکستان، سپیریئر گروپ آف کالجز،یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی ،آئی کیپ ،کنکورڈیا گروپ آف کالجز، ہیری ٹیج انٹرنیشنل کالج،منہاج یونیورسٹی لاہور،ایف سی کالج لاہور، امپیریل کالج ،لاہور لیڈز یونیورسٹی،یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ اینڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی لاہور کیمپس، فاطمہ میموریل کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری،ایچ ایس کنسلٹنٹ،احمد حسن پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ، پروفیشنل اکیڈمی آف کامرس ،مڈل سیکس یونیورسٹی، کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینیجمنٹ ،ہجویری یونیورسٹی ،رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی لاہور کیمپس ،سکائی لائن یونیورسٹی شارجہ ، اے بی این اوور سیز ایجوکیشن ،یونیورسٹی آف سرگودھا لاہور کیمپس ،آکسفورڈ یونیورسٹی پریس ،ٹائمز کنسلٹنٹ،ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد اوربرٹش کونسل سمیت دیگر اداروں نے سٹالز لگائے۔

مختلف یونیورسٹیوںکے طلبا وطالبات نے دوسرے روز بھی پینٹنگز بنانے میں حصہ لیا۔ دریں اثناء ایکسپو ' کے دوسرے اورآخری روزفنون لطیفہ کے شعبوں رقص، فیشن، شارٹ فلمز، سیلفی، فوٹوگرافی اورآئی بی آئی کے مقابلے ہوئے۔ اس موقع پر رقص کے مقابلے میں صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکارہ بہاربیگم، قتالہ سٹیج فلم اسٹارمیگھا، کلاسیکل ڈانسرنمرین بٹ اور کوریوگرافر جبارسمراٹ نے بطورجج اپنے فرائض انجام دیے۔

فیشن مقابلے میں معروف ڈیزائنر عائشہ، حنا اور فیشن جرنلسٹ سحراقبال جج تھے۔ ان رنگ برنگے مقابلوںمیں جہاں طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے بھرپورحصہ لیا، وہیں ان مقابلوں کودیکھنے والوں کی کثیرتعداد بھی ہال میں موجود تھی جنھوں نے صرف اپنی یونیورسٹی یا کالج کو ہی نہیں بلکہ بہترین پرفارم کرنے والوں کو بھی خوب داد دی۔ رقص کے مقابلے میں ''آئی سی ایم اے پی'' پہلے، ''آئی ٹی یو'' دوسرے اور''جی سی'' نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

فیشن کے مقابلے میں پنجاب یونیورسٹی نے پہلی، سٹیپ کالج کو دوسری اورگورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورکو تیسری پوزیشن ملی۔ اسی طرح شارٹ فلمز کی کیٹگری میں یونیورسٹی آف گجرات (لاہورکیمپس) نے پہلی، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے دوسری اور جی سی یو لاہور نے تیسزی پوزیشن حاصل کی۔

فوٹوگرافی کے شعبے میں کنیئرڈکالج نے پہلی، پنجاب یونیورسٹی نے دوسری اورزرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے تیسری پوزیشن لی۔ سیلفی مقابلے میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پہلے نمبر پر رہی۔ ان کے مقابلے میں کوئی بھی دوسری یونیورسٹی اورکالج یہ انعام حاصل نہیں کر سکا۔ اس موقع پر''ایکسپریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے بہاربیگم، میگھا ، نمرین بٹ، جبارسمراٹ، سحراقبال، عائشہ ، حنا اور اداکارراشد محمود نے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے جس طرح سے نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتوں کے اظہارکا موقع فراہم کیا ہے ،اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد سال میں ایک بارنہیں بلکہ کئی بار ہونا چاہئے۔

ہمیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ یونیورسٹیوں اور کالجز میں پڑھنے والے طلبا و طالبات اس قدرباصلاحیت ہیں۔ ان کی پرفارمنس دیکھ کر ہم اس لیے حیران تھے کہ ابھی انھوں نے کسی سے تربیت حاصل نہیں کی تویہ اس قدر اچھا پرفارم کر رہے ہیں اوراگران کوباقاعدہ تربیت دی جائے تویہ اپنی عمدہ پر فارمنس سے پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

اس ایونٹ میں شرکت کے بعد ہمیں پتہ چلا کہ جس طرح ہمارے تعلیمی ادارے بچوں کے تعلیمی معیار کو بہتر بنا رہے ہیں، وہیں فنون لطیفہ کے مختلف شعبوںکو اپنانے کے خواہشمند بچوںکو مکمل سپورٹ کی جا رہی ہے، جوبہت خوش آئند عمل ہے۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ ایکسپریس میڈیا گروپ اپنی اس کاوش کو ہمیشہ جاری رکھتے ہوئے اس طرح کے بہترین ایونٹس کا انعقاد کرتا رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں