سعید اجمل وکٹ لینے کی صلاحیت میں کمی کا شکار

انگلش کرکٹ میں اکانومی ریٹ اور اوسط سلیکٹرزکے لیے تشویش کی بات ہے، ہارون رشید


Numainda Khususi August 08, 2015
ٹیسٹ اور ون ڈے میں متواتر اچھا پرفارم کرنے والے حفیظ کونظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ہارون رشید فوٹو : فائل

سعید اجمل کے وکٹ لینے کی صلاحیت میں کمی ہو گئی، چیف سلیکٹر انگلش کرکٹ میں ان کی کارکردگی سے خوش دکھائی نہیں دیتے۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' کو انٹرویو میں ہارون رشید نے کہا کہ سعید اجمل کی فوری طور پر قومی ٹیم میں واپسی کا کوئی امکان نہیں، وہ خود مجھ سے کہہ چکے کہ مکمل انگلش سیزن کھیلنا چاہتے ہیں، میرا ان سے رابطہ رہتا ہے، وہاں بائیو مکینک ماہر پال ہورین سے بھی وہ ہر چند روز میں ملاقات کرتے ہیں، انھوں نے اپنی مخصوص گیند ''دوسرا'' کرنا شروع کر دی مگر وکٹ لینے کی صلاحیت کم ہو گئی ہے، میرے لیے تشویش کی بات ان کا اکانومی ریٹ اور اوسط ہے۔

انگلش ون ڈے کپ میں تقریباً 42 اور ٹی ٹوئنٹی میں بھی ایسی ہی ایوریج سے انھوں نے وکٹیں حاصل کیں، نئے ایکشن کے ساتھ کامیابی پانے میں انھیں وقت لگے گا، وہ بہت محنت کر رہے ہیں، سیزن کے اختتام پر ہی واپسی کے وقت کا کچھ اندازہ ہو سکے گا، ہم انھیں ابھی ٹیم میں واپس لے آئے اور وہ2،3میچز بعد پھر باہر ہو گئے پھر کیا ہوگا؟ سعید اجمل ہماری کرکٹ کا اثاثہ ہیں، ہمیں جلد بازی سے گریز کرنا چاہیے۔

ٹی ٹوئنٹی میں محمد حفیظ کی ناقص کارکردگی پر ہارون رشید نے کہا کہ ٹیم کے ٹاپ5،6 کھلاڑی ایک ساتھ کبھی رنز نہیں کرتے، ایک تو پھر دوسرا بڑی اننگز کھیلتے دکھائی دیتا ہے، یہ ٹھیک ہے کہ حفیظ نے طویل عرصے سے ففٹی نہیں بنائی مگر وہ ٹیسٹ اور ون ڈے میں متواتر اچھا پرفارم کر رہے ہیں، انھیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، حفیظ کی بولنگ پر پابندی افسوسناک مگر ہمارے پاس عماد وسیم کی صورت میں اچھا بولر موجود ہے، دیگر کئی آل راؤنڈرز کو بھی ہم نے ذہن میں رکھا ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں