محکمہ آبپاشی میں اربوں کی کرپشن پنجاب کے 5 افسران اور ٹھیکیداروں کیخلاف تحقیقات شروع

ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کی شکایات پر تحقیقات کیلئے ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب انکوائری افسر مقرر


Khalid Rasheed September 01, 2015
چیف انجینئرسلیم ملک اورزاہدمنصور،پی ڈی ہارون خان،ایس ای حافظ نعیم،ایکسئین محمد رفیق کا سروس ریکارڈ طلب فوٹو: فائل

نیب پنجاب نے اربوں روپے کی کرپشن پرچیف انجینئر سرگودھا زون سمیت محکمہ آبپاشی کے5افسران اور ٹھیکیداروں کیخلاف انکوائری شروع کردی،ان افسران پر بھکر فلڈ بند اور اسمال ڈیمز کی تعمیر ومرمت میں ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے وسیع پیمانے پرسرکاری فنڈزخوردبردکرنے کاالزام ہے۔

نیب کے فنانشل کرائم ونگ نے محمدسلیم ملک چیف انجینئر سرگودھا زون محکمہ آبپاشی پنجاب، زاہد منصور چیف انجینئر محکمہ آبپاشی، ہارون خان پروجیکٹ ڈائریکٹر سمال ڈیمز، حافظ محمدنعیم سپرنٹنڈنٹ انجینئرکینال سرکل میانوالی، محم رفیق سوبھی ایکسیئن کینال ڈویژن بھکر، ٹھیکیداروں رانا کنٹریکٹرز اور اسپارکو اینڈ کمپنی کیخلاف کرپشن کی انکوائری شروع کی ہے

۔نیب پنجاب کی طرف سے چیف سیکریٹری پنجاب خضر حیات گوندل اورسیکریٹری آبپاشی کوخط لکھاگیا ہے۔ جس میں کہاگیا ہے کہ مذکورہ افسران کا مکمل سروس ریکارڈ، ان کیخلاف پہلے سے کوئی انکوائری،چاہان ڈیم پروجیکٹ راولپنڈی،حاجی شاہ ڈیم، بھکر فلڈ بند برجی 65 تا71 ، برجی 4 تا 7کے ٹھیکے کی انتظامی منظوری، ٹینڈر،تخمینہ لاگت، ادائیگیوں ، پرفارمنس،کام کی تکمیل اورسائٹ کی موجودہ پوزیشن کاریکارڈفراہم کیاجائے۔ ہارون خان کی بطور پروجیکٹ ڈائریکٹر تقرری کے دوران پنجاب اسمال ڈیمز آرگنائزیشن کے تحت مکمل کیے گئے دیگراسمال ڈیمز،ملک محمد سلیم کی چیف انجینئر سرگودھا تقرری کے دوران 2013 اور 2014 میں ادا کی جانے والی ادائیگیوں اورفلڈسیزن کے دوران استعمال کیے گئے فنڈزکاریکارڈ فراہم کیاجائے۔ 2012تا 2014 کے دوران بھکرفلڈبندکی تعمیرومرمت پرکتنے فنڈز خرچ ہوئے،کتنی ادائیگی کی گئی،ٹھیکہ کی دستاویزات، آر ڈی 4000 تا 71750 پرکیے گئے کام کی ادائیگی کیلیے مئی اورجون 2014 میں اداکیے گئے بلز کی رسیدیں ، آرڈی193 ،373، سیلاب کے دوران تباہ ہونے والے دیگر پورشن اوراس کی مرمت کیلیے مختص فنڈزاورٹھیکیداروں کوکی جانیوالی ادائیگیوں کی مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہیں ۔

حکومت پنجاب کاتخمینہ ہے کہ بھکرفلڈبندکی تعمیر پر2ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں لیکن تعمیراتی کام ابھی تک نامکمل ہے نیب نے محکمہ آبپاشی کے افسران ملک محمدسلیم،زاہدمنصور،ہارون خان، حافظ محمد نعیم، محمد رفیق کوطلب کرلیا ہے۔نیب حکام کاکہناہے کہ محکمہ آبپاشی میں اسمال ڈیمز کی تعمیر اور بھکر فلڈبندکی تعمیرو مرمت میں کرپشن کی شکایات پر تحقیقات کیلئے ایڈیشنل ڈائریکٹررانا محمد علی کوانکوائری افسر مقررکیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔