ملائیشیا میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 14 افراد ہلاک

کشتی گنجائش سے زیادہ مسافروں کے بھرنے سے الٹی جس میں 100 افراد سوار تھے


/Reuters September 03, 2015
کشتی گنجائش سے زیادہ مسافروں کے بھرنے سے الٹی جس میں 100 افراد سوار تھے، فوٹو:فائل

ملائیشیا کے مغربی ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 14 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ ملائیشیا کے مغربی ساحل میں مصروف ترین تجارتی آبی گزرگاہ آبنائے ملاکا کے قریب پیش آیا جہاں غیر قانونی طور پر ملائیشیا میں داخل ہونے والے تارکین وطن کی کشتی الٹ گئی جس میں 100 سے زائد افراد سوار تھے، حادثے کے بعد مقامی ماہی گیروں نے ڈوبنے والے متعدد افراد کی جانیں بچائیں جب کہ اس دوران 14 افراد کی لاشیں بھی نکالی گئیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

ملائیشیا کے حکام کے مطابق تاکین وطن کی بڑی تعداد اب بھی لاپتا ہے جنہیں تلاش کیا جارہا ہے اور اس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا بھی خدشہ ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق حادثے کی وجہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ مسافروں کو سوار کرنا تھا جب کہ کشتی میں سوار افراد کی اکثریت کا تعلق انڈونیشیا سے تھا تاہم حکام کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 20 لاکھ سے زائد افراد روزگار کے لیےغیر قانونی طور پر ملائیشیا میں مقیم ہیں جن کی اکثریت کا تعلق ہمسائے ملک انڈونیشیا سے ہے جہاں سے ہر سال ہزاروں افراد روزگار کی تلاش میں تنگ اور خطرناک آبی گزرگاہوں سے ملائیشیا میں داخل ہوتے ہیں تاہم وزن کی زیادتی اور تندو تیز لہروں کی وجہ سے اکثر کشتیاں الٹنے کے حادثات پیش آتے رہتے ہیں اور اس سے قبل 2 ماہ پہلے بھی انڈونیشین تارکین وطن کی ایک کشتی الٹنے سے 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں