بینکاری لین دین ٹیکس کے خلاف آج ملک بھر میں ہڑتال ہوگی

ہڑتال کے بعد بھی ٹیکس واپس نہ لیا تو لانگ مارچ کرینگے،آل پاکستان انجمن تاجران


Commerce Reporter September 09, 2015
ہڑتال کے بعد بھی ٹیکس واپس نہ لیا تو لانگ مارچ کرینگے،آل پاکستان انجمن تاجران فوٹو : ریاض احمد

KARACHI: آل پاکستان انجمن تاجران نے آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر کے مطالبات منظور نہ ہونے پر اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی دھمکی دے دی ہے۔

سیکریٹری جنرل آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر نے گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیر کے منہ کو خون لگ چکا ہے، تاجر اب تک غیر سیاسی ہیں لیکن لانگ مارچ نکلا تو تمام سیاسی اور اپوزیشن پارٹیوں کو ساتھ لے کر اسلام آباد کا گھیراؤ کریں گے، اس موقع پر کیپٹن آغا عدنان خان، شیخ عرفان اقبال، علی نصرت بٹ اوردیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے۔

نعیم میر نے کہا کہ یکم جولائی سے عائد ہونے والے ٹیکس کے خلاف ملک بھر کے تاجر مسلسل احتجاج کررہے ہیں، 3مرتبہ ہڑتالیں کی جا چکی ہیں، ریلیاں، جلسے، جلوس، احتجاجی کیمپ، بینکوں سے لین دین کا بائیکاٹ کیا جاچکا ہے لیکن حکومت پھر بھی ٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں ہے۔

پہلے ہونے والے احتجاج اور ہڑتالوں میں تاجر گروپ اوردھڑے بندی کا شکار تھے لیکن اب تمام گروپوں اور دھڑوں نے تاجر مفاد میں مشترکہ اور متفقہ لائحہ عمل اختیار کیا ہے جس کے تحت ہم بدھ کو ملک گیر شٹر ڈاؤن کریں گے، کوئی دکان، کاروباری مرکز، دفتر نہیں کھلے گا، اگر ملک گیر شٹر ڈاؤن کے باوجود حکومت نے 31دسمبر تک یہ ٹیکس موخر نہ کیا اور ہمارے جائز مطالبات ماننے کے لیے مذاکرات کی میز پر نہ آئی تو پھر تاجر غیر سیاسی نہیں رہیں گے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، ایم کیو ایم سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے تاجر برادری کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے،9 ستمبر کی ہڑتال کے بعد بھی اگر حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط تھوپنے کی کوشش کی تو ہم متفقہ لائحہ عمل کے ساتھ ملک بھر سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کریں گے اور اس مارچ میں تمام سیاسی جماعتوں کی سپورٹ بھی حاصل کریں گے۔

ہم اپنے جائز مطالبات کی منظوری کے لیے اسلام آباد کا گھیراؤ بھی کرسکتے ہیں۔ نعیم میر نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر کو خطوط لکھے گئے لیکن انہوں نے ان خطوط کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھا، انہیں یاد دہانی کا خط بھی لکھاگیا لیکن اب تک اس کا بھی جواب نہیں آیا، یہ غیر سنجیدگی نہیں تو اور کیا ہے، ہم اس کو ٹیکس نہیں امانت میں خیانت سمجھتے ہیں۔

نعیم میر نے ملک بھر کی تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ پرامن ہڑتال کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنائیں تاکہ آئندہ روز جب وزیراعظم محمد نوازشریف کراچی میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کریں تو وہاں وہ اس ظالمانہ ٹیکس کو بھی واپس لینے کا اعلان کریں، اس اعلان کا دارومدار تاجروں کی ہڑتال پر منحصر ہے کیونکہ ایف بی آر اور حکومت کی نظریں ہمارے ملک گیر احتجاج پر لگی ہوئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں