نائجیریا میں یکے بعد دیگرے 4 بم دھماکوں میں 54 افراد ہلاک

میدوگوری شہر کے مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے 3 دھماکے ہوئے جب کہ اجلیاری کی مسجد میں خودکش حملہ ہوا


/Reuters September 21, 2015
میدوگوری شہر کے مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے 3 دھماکے ہوئے جب کہ اجلیاری کی مسجد میں خودکش حملہ ہوا، فوٹو:فائل

نائجیریا میں یکے بعد دیگرے 4 بم دھماکوں میں 54 افراد ہلاک اور 90 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق نائجیریا کی شمال مشرقی ریاست بورنو کے شہر میدوگوری کے مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے 3 دھماکے ہوئے جب کہ اجلیاری کے علاقے میں مسجد کے اندر ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔دھماکوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 54 افراد ہلاک اور 90 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

خودکش حملے کے علاوہ دیگر دھماکے ایک فٹبال گراؤنڈ میں کیے گئے جہاں میچ دیکھنے کے لیے موجود متعدد تماشائی ان دھماکوں کا نشانہ بنے، کسی تنظیم کی جانب سے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے تاہم حکام کے مطابق خودکش حملے اور دیگر دھماکوں میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام ملوث ہے ۔واقعے کے بعد فوج نے شورش کے شکار شہر میں سیکیورٹی سخت کردی ہے جب کہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ 20 لاکھ کی آبادی پر مشتمل میدوگوری شمال مشرقی نائجیریا کا شورش کا شکار سب سے بڑا شہر ہے تاہم حکومتی فوج کی جانب سے آپریشن کے بعد گزشتہ ایک ماہ سے وہاں امن قائم تھا اور اس حالیہ کارروائی کو بوکو حرام کی جانب سے آپریشن کا ردعمل قرار دیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔