پی ٹی آئی ڈسپلن توڑنے والے رہنماؤں کی سزا عید کے بعد تجویزکریگی

سینیٹرسواتی،شہریار آفریدی، امجدآفریدی و دیگر پر پارٹی امیدواروں کی مخالفت کا الزام


Syed Naveed Jamal September 24, 2015
انکوائری کمیٹی نے عیدکے بعداجلاس بلالیا،پارٹی رکنیت ختم کیے جانے کاامکان ہے،ذرائع فوٹو: فائل

خیبرپختونخوامیں بلدیاتی انتخابات کے دوران پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنیوالے پارٹی رہنماؤں کی سزا تجویزکرنے کیلیے انکوائری کمیٹی کی میٹنگ آئندہ ہفتے طلب کرلی گئی۔

پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے اور اپنے من پسند امیدواروں کی حمایت کرنے والے رہنماؤں کے خلاف رپورٹ کو حتمی شکل دی جائیگی۔ کمیٹی سفارشات پر حتمی فیصلہ چیئرمین عمران خان کرینگے۔انکوائری کمیٹی تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود ،خیبرپختونخوا کے آرگنائزرفضل خان ،سیف اللہ نیازی اورسیکریٹری اطلاعات نعیم الحق پر مشتمل ہے۔

تحریک انصاف کے ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ خیبرپختونخوا میں حال ہی میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ضلع ناظمین کے انتخاب کے مرحلے میں پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے اوراپنے من پسند امیدوار کی حمایت کرنے پر پارٹی کے ایک سینیٹر ایک ایم این اے سمیت5ایم پی اے کووضاحتی شوکاز نوٹسسزبجھوائے گئے جن میں تحریک انصاف کے سینیٹراعظم سواتی،کوہاٹ سے ایم این اے شہریارآفریدی ، خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان اسمبلی یاسین خلیل،عارف یوسفزئی،کوہاٹ سے ایم پی اے ضیااللہ بنگش،وزیر قانون امتیازقریشی اورامجدآفریدی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہناہے کہ چند روزقبل یہاں اسلام آبادمیں انکوائری کمیٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں مذکورہ ارکان سے پارٹی پالیسی کے خلاف اقدام پروضاحت طلب کی تھی۔ذرائع کاکہناہے کہ انکوائری کمیٹی نے عیدکے فوراً بعدکمیٹی کااجلاس طلب کرلیاہے جس میں کمیٹی پارٹی پالیسی کے خلاف چلنے والے پارٹی نمائندوں سے وضاحت کے بعدان کے خلاف ایکشن لینے کے حوالے سے حتمی سفارشات تیار کی جائیں گی اوران کے خلاف کمیٹی اپنی رپورٹ پارٹی چیئرمین عمران خان کو پیش کریں گے جوان مذکورہ ارکان کے خلاف سزا دینے کے حوالے سے اعلان کریں گے۔

ذرائع کا کہناہے کہ ان مذکورہ ارکان کی جانب سے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی سے جن جن اضلاع میں ضلعی ناظم کے انتخاب میں پارٹی کے امیدوارکونقصان ہوا ہے ان کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے گاجو پارٹی رکنیت ختم کرنے کے برابربھی ہوسکتاہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں