فارم میں واپسی کیلیے آفریدی نے ’’ماسٹرپلان‘‘بنالیا

آئندہ چندروز میں کراچی سے لاہورمنتقل ہوکرتمام ترتوجہ کرکٹ پر دینے کا فیصلہ


Numainda Khususi October 02, 2015
ورلڈ ٹی20تک اپنی فاؤنڈیشن کے ساتھ مصروفیت بھی کم کردوں گا، آل راؤنڈر فوٹو : فائل

شاہد آفریدی نے کھوئی ہوئی فارم دوبارہ حاصل کرنے کیلیے ''ماسٹر پلان'' بنا لیا، آل راؤنڈر آئندہ چند روز میں کراچی سے لاہور منتقل ہو کر تمام تر توجہ کرکٹ پر دیں گے۔ان کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 تک اپنی فاؤنڈیشن کے ساتھ مصروفیت بھی کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی ان دنوں عمدہ کھیل کا مظاہرہ نہیں کر پا رہے، اس پر اعلیٰ حکام کے ساتھ خود وہ بھی شدید تشویش میں مبتلا ہیں، اب انھوں نے کھوئی ہوئی فارم واپس پانے کیلیے سنجیدہ کوششوں کا آغاز کر دیا ہے، زمبابوے سے وطن واپسی کے بعد نمائندہ ''ایکسپریس'' کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ اپنی فارم کے حوالے سے مجھے بھی بیحد فکر ہے۔

ورلڈٹی ٹوئنٹی اب زیادہ دور نہیں، بطور کپتان مجھ پرعمدہ کارکردگی کیلیے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اسی لیے فیصلہ کیا ہے کہ اہل خانہ کے ساتھ لاہور منتقل ہو جاؤں، کراچی میں پریکٹس سہولتوں کی کمی ہے، لاہور کی نیشنل اکیڈمی میں بھرپور ٹریننگ سے ماضی جیسا کھیل پیش کرنے کے قابل ہو جاؤں گا، انھوں نے کہا کہ اہل خانہ بھی میرے ساتھ ہوں گے، ہمارا وہاں اپنا گھر بھی موجود ہے، بچوں کو نئے اسکول میں داخل کرا دوں گا تاکہ تعلیم پر حرج نہ آئے۔

انھوں نے کہا کہ اس فیصلے سے کئی دیگر فائدے بھی ہوں گے، میں چیف سلیکٹر ہارون رشید سے متواتر رابطے میں رہ کر میگا ایونٹ کی حکمت عملی پر بات کر سکوں گا۔

اسی کے ساتھ کھلاڑیوں سے بھی تعلق رہے گا۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک اپنی فاؤنڈیشن کیلیے کام بھی محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کھیل پر مکمل توجہ دے سکوں، اب میری کوشش ہوگی کہ ابتدائی نمبر پر بیٹنگ کروں تاکہ بڑی اننگز کھیلنے کا موقع مل سکے، انگلینڈ لائنز کے خلاف میچز میں پاکستان اے کی بھی نمائندگی کروں گا، اسی طرح بنگلہ دیش لیگ میں بھی شرکت کی خواہش ہے۔

انھوں نے کہا کہ زمبابوے سے ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستانی ٹیم کیلیے اچھی رہی اور ہم کلین سویپ میں کامیاب رہے، بولرز نے ذمہ داری بخوبی نبھائی، البتہ بیٹسمینوں کو مزید محنت کرنا ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں