حملوں کا خدشہ ٹریفک پولیس اہلکار گاڑیوں کے بجائے دہشت گردوں پر نظر رکھنے لگے

سڑکوں پرٹریفک جام معمول بن گیا ،ٹریفک جام کے دوران لمبی قطاروں میں پھنسے ہوئے گاڑی سواروں کو ڈاکو باآسانی لوٹ لیتے ہیں


Sajid Rauf October 15, 2015
ٹریفک پولیس اہلکار250مقامات پر بغیر سیکیورٹی کے فرائض ادا کررہے ہیں، پولیس ٹریفک اہلکاروں کے لیے سیکیورٹی پلان تیار نہیں کر سکی فوٹو:فائل

ٹریفک پولیس پر تواتر سے کیے جانے والے قاتلانہ حملوں کے باوجود شہر بھر میں دو تہائی مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کو سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے سیکڑوں اہلکاروںکی جانیں داؤ پر لگی ہوئی ہیں، ٹریفک پولیس اہلکار گاڑیوں کے بجائے دہشت گردوں پرنظر رکھنے لگے۔

ٹریفک پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی پولیس کو موصول ہونے والے ہنگامی مراسلے میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس بات کی جانب توجہ دلائی گئی ہے کہ شہر بھر میں 250مقامات تاحال غیرمحفوظ ہیں، شہر میں صرف39 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کو سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے جن میں سے 10مقامات پر رینجرز اہلکار ٹریفک پولیس کی حفاظت پر مامور ہیں جبکہ29 مقامات پر ریپڈ رسپانس فورس کو ٹریفک پولیس کی حفاظت کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کو سیکیورٹی کی فراہمی کے لیے پولیس کے پاس کوئی موثر حکمت عملی موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے ٹریفک پولیس اہلکاروں پر حملوں کے واقعات وقفے وقفے سے رونما ہورہے ہیں، ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ساؤتھ زون ٹریفک میں مجموعی طور پر58 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہیںاور اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف عمل ہیں جن میں جس51 مقامات ایسے ہیں۔

جہاں تعینات ٹریفک پولیس اہلکار غیر محفوظ ہیں جبکہ2 مقامات پر ٹریفک پولیس کو رینجرز اہلکار سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں جبکہ5 مقامات پر ریپڈ ریسپانس فورس سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے اور25 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار غیر محفوظ ہیں، ڈسٹرکٹ سٹی ٹریفک زون میں مجموعی طور پر27 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہیں جن میں سے صرف2 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکاروں فرائض کی انجام دہی کے دوران رینجرز اہلکار سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں ۔

ڈسٹرکٹ سینٹرل ٹریفک زون61 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہیں جن میں سے 2مقامات پر رینجرز اور 5 مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں جبکہ 54 مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس غیر محفوظ ہیں، ڈسٹرکٹ ایسٹ ٹریفک زون میں43 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہیں جن میں سے2 مقامات پر رینجرز اور5 مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں جبکہ 36مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس غیر محفوظ ہیں ڈسٹرکٹ ویسٹ ٹریفک زون میں مجوعی طور پر46 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

جن میں سے ایک مقام پر رینجرز اور8 مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں جبکہ 37 مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس غیر محفوظ ہیں،ڈسٹرکٹ ملیر میں مجوعی طور پر54 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہیں جن میں سے ایک مقام پر رینجرز اور6 مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں جبکہ 48 مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس غیر محفوظ ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کا عملہ جان کے خوف کی وجہ سے ٹریفک کنٹرول کرنے سے زیادہ تر وقت ایک دوسرے کی پہرے داری میں مصروف رہتا ہے، غیرمحفوظ ٹریفک اہلکار اردگرد کے ماحول پر نظررکھنے کی وجہ سے ٹریفک پر توجہ نہیں دے پارہے جس سے ٹریفک جام اور دیگر مسائل بڑھ رہے ہیں، ٹریفک جام کے دوران لمبی قطاروں میں پھنسے گاڑی سواروں کو ڈاکو باآسانی لوٹ لیتے ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔