ویب دریچوں میں ملے ہر مسئلے کا حل پائیں ہر الجھن کی سلجھن

کھانے پکانے سے انٹرنیٹ تک۔۔۔تمام مسائل سے نمٹنے کے ٹوٹکے بتاتی سائٹس


Munira Adil November 01, 2015
کھانے پکانے سے انٹرنیٹ تک۔۔۔تمام مسائل سے نمٹنے کے ٹوٹکے بتاتی سائٹس ۔ فوٹو : فائل

بچپن کی حسین یادیں عمر بھر انسان کے ساتھ رہتی ہیں۔ انہی یادوں کی ایک خوب صورت کڑی نانیوں دادیوں کے وہ گھریلو ٹوٹکے ہوا کرتے ہیں جو چھوٹی موٹی بیماریوں سے لے کر تمام دیگر گھریلو امور میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

کبھی جو بچے کو سردی لگنے سے کھانسی نزلہ ہوجاتا تو ہدایت ملتی''بہو! رات میں بچوں کو نیم گرم شہد چٹا دینا'' اور اس ہدایت پر عمل کرے بچے کو بغیر دوا کے آرام آجاتا۔ کپڑوں پر کوئی داغ دھبہ لگ گیا۔ کبھی لیموں نمک ملا جاتا تو کبھی ٹیلکم پاؤڈر چھڑک کر رکھ دیا جاتا۔ بنا کسی ڈرائی کلین کے کپڑے بالکل صاف ہوجایا کرتے۔

واش بیسن میں پانی جمع ہوجائے تو گرم پانی سرکہ سوڈا ملا کر ڈال دیا جاتا۔ بھلا پلمبر کی کیا ضرورت۔ گلاب کے پودوں میں بچی ہوئی چائے کی پتی ڈال دی جاتی اور بڑے بڑے پھول کھلنے لگتے۔ غرض ہر مسئلے کا حل گھریلو ٹوٹکوں کی مدد سے چٹکی بجاتے حل ہوجاتا۔ لیکن گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ زندگی کی تیز رفتاری اور نفسانفسی نے ہمیں مسائل میں الجھادیا ہے۔

نہ اب بزرگوں کے مشفقانہ مشورے ساتھ ہیں نہ یادداشتوں میں وہ ٹوٹکے محفوظ ہیں۔ اسی لیے آج ہم کچھ ایسی ویب سائٹس کا انتخاب لے کر حاضر ہوئے ہیں جن میں موجود ٹوٹکے اور تجاویز آپ کے روزمرہ زندگی کے بیشتر مسائل کے حل میں آپ کی معاون ثابت ہوں گی۔ امید ہے ویب سائٹس کا یہ انتخاب آپ کو پسند آئے گا۔ البتہ یہ ضرور مدنظر رکھیں کہ یہ ٹوٹکے ہیں کسی بیماری کا علاج یا کسی مسئلے کا حل نہیں۔ لہٰذا افاقہ نہ ہونے یا مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں طبیب یا متعلقہ ماہر سے رابطہ ضروری ہے۔

٭ www.simplehouseholdtips.com

آسان گھریلو ٹوٹکوں اور چھوٹے چھوٹے مسائل کا حل اس ویب سائٹ میں بیان کیا گیا ہے۔ اس میں مختلف کیٹگریز ہیں جن میں ان سے متعلقہ چھوٹے موٹے مسائل کا حل بیش کیا گیا ہے گھر کی صفائی سے لے کر اس کو منظم رکھنے کے طریقے، صحتِ عامہ کے مسائل، جلد کی دیکھ بھال، باغبانی اور دیگر روزمرہ زندگی میں مددگار ثابت ہونے والے بہت سے مشورے، تجاویز اور ٹوٹکے اس ویب سائٹ میں شامل ہیں۔ الغرض یہ ویب سائٹ ہر شخص کے لیے بے حد مفید ثابت ہوگی۔

٭www.besthouseholdhintsandtips.com

اس ویب سائٹ کو دیکھتے ہوئے اور اس میں موجود ٹوٹکوں اور تجاویز کو پڑھتے ہوئے یوں محسوس ہوتا ہے گویا کسی نانی یا دادی نے یہ سب تحریر کیا ہے کہ گھریلو امور سے لے کر بچوں کی پرورش اور گاڑی کی دیکھ بھال سے لے کر پالتو جانوروں کی تربیت تک ہر شعبۂ زندگی سے متعلق مشورے اس ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ گھریلو امور سے متعلق تجاویز اور ٹوٹکوں کے علاوہ غسل خانے، باورچی خانے اور کپڑوں کی دھلائی سے متعلق بھی علیحدہ سے خاصی تفصیل سے بیان کیا گیا ہے گاڑی کی دیکھ بھال اور صفائی کے متعلق بھی ایسے آسان مشورے درج ہیں جو ڈرائیونگ کرنے والوں کے لیے خاصے معاون ثابت ہوتے ہیں۔ ننھے منے بچوں کی پرورش، ان کی حفاظت اور تربیت کے حوالے سے بھی کئی چھوٹی چھوٹی مفید باتیں درج ہیں، جو والدین خصوصاً ماؤں کے لیے بے حد مفید ثابت ہوں گی۔ الغرض مجموعی طور پر یہ ویب سائٹ بے شمار مفید مشوروں اور تجاویز پر مبنی ہے۔ جو کسی بھی عام فرد کی روزمرہ زندگی میں معاون ثابت ہوں گی۔

٭www.tips.net

اس ویب سائٹ پر بے شمار معاون و مددگار اور کم خرچ میں مختلف مسائل کا حل پیش کیا گیا ہے۔ اس ویب سائٹ کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ اس میں زندگی کے مختلف مسائل کا بے حد تفصیلی حل موجود ہے، مثلاً آرائش حسن میں ملبوسات، کاسمیٹکس، خوشبو سے لے کر چہرے، آنکھوں، ناخن، پیر غرض بے شمار موضوعات پر بے حد تفصیل سے ہر مسئلے کا حل بیان کیا گیا ہے۔ اسی طرح مختلف جانوروں سے لے کر حشرات الارض تک کو گھر، باغیچے یا دفتر سے کس طرح بھگایا جائے یا ان سے پیدا ہونے والے مختلف مسائل کو کس طرح حل کیا جائے۔ یہ بھی بے حد تفصیل سے درج ہے۔ اسی طرح گاڑی کی خریداری، صفائی، موسم کی شدت سے پیدا ہونے والے مسائل، ڈرائیونگ اور دیکھ بھال سے لے کر اس کی مرمت اور بیچنے تک کے بے شمار موضوعات پر بھی تفصیلاً بیان کیا گیا ہے۔

عموماً خواتین کو کھانے پکانے کے دوران بہت سے مسائل پیش آتے ہیں۔ اسی لیے اس میں بیکنگ، مشروبات، آسان کھانوں، میٹھے سلاد سے لے کر برتن، صحت بخش غذائیں، باورچی خانے میں معاون ٹوٹکے اور معاملات کو منظم رکھنے کے ساتھ بے شمار دیگر موضوعات کو بھی تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ باغ بانی، صحت عامہ، پالتو جانوروں، گھر کی سجاوٹ، منظم رکھنے جیسے بے شمار موضوعات سے جڑے مختلف مسائل کو تفصیل کے ساتھ آسان ٹوٹکوں کی مدد سے بیان کیا گیا ہے۔ اس سائٹ پر عمل کے لیے آسان تجاویز موجود ہیں۔ اس کے ساتھ اس ویب سائٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کے لیے بھی معاون و مددگار ثابت ہوتی ہے۔ مائیکرو سافٹ ایکسل سے لے کر مائیکرو سافٹ ونڈوز اور مائیکرو سافٹ ورڈ کے متعلق بھی اس میں تفصیلاً درج ہے۔ چھوٹے چھوٹے مسائل جن میں الجھ کر انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پریشان ہوجاتے ہیں ان کا حل بھی اس ویب سائٹ میں موجود ہے۔ الغرض یہ ویب سائٹ بچوں سے لے کر بڑوں تک سبھی کے لیے سود مند ثابت ہوگی۔

٭www.tipnut.com

اس ویب سائٹ میں بھی بے شمار ٹوٹکے، تجاویز اور مشوروں کے ساتھ بے شمار مسائل کا حل موجود ہے۔ گھریلو اور روزمرہ زندگی میں درپیش مختلف معاملات میں اس میں موجود مشورے خاصے معاون ثابت ہوں گے۔ کیوںکہ اس میں ہر کیٹیگری کو بے حد تفصیل سے ہر بات کو بیان کیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر گھریلو ٹوٹکوں کی کیٹیگری میں روزمرہ امور کے علاوہ باورچی خانے کے متعلق مختلف مسائل، مختلف گھریلو امور کو منظم رکھنے کے ساتھ ہی ساتھ گھر کے بجٹ اور کفایت شعاری کے بھی بہت سے طریقے بیان کیے گئے ہیں۔ صفائی ستھرائی کے مختلف طریقوں کو جس کیٹیگری میں بیان کیا گیا ہے۔

اس میں مختلف گھریلو اشیا سے لے کر فرش، اوون غرض بے شمار صفائی کے طریقے بیان کیے گئے ہیں اسی کے ساتھ کپڑوں کی دھلائی اور باورچی خانے میں صفائی کی مد میں درپیش مختلف مسائل کا حل بھی پیش کیا گیا ہے۔ کھانے پکانے، بیکنگ کے متعلق بھی مختلف ٹوٹکے اور مسائل کا حل موجود ہے۔ اس کے علاوہ کھانے پکانے کی تراکیب بھی درج ہیں۔ باغ بانی کے شوقین افراد کے لیے بھی اندرون خانہ اور گھر کے باہر مختلف پودوں کو اگانے اور ان کے مختلف مسائل کا حل اس سائٹ پر موجود ہے۔ صحت عامہ کے مختلف مسائل کے ٹوٹکے موجود ہیں اور ساتھ حسن میں اضافے کے لیے مختلف ماسک بنانے کے طریقے بھی موجود ہیں۔

بچوں کے ناخن کترنے کی عادت کو کیسے ختم کیا جائے اور جلد، ناخن اور بالوں کی خوب صورتی میں کیسے اضافہ کیا جائے۔۔۔۔یہ تمام ٹوٹکے اس ویب سائٹ پر موجود ہیں۔

اس ویب سائٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں سلائی، اُون سے مختلف ملبوسات بُننے اور کروشیا جیسے خواتین کے پسندیدہ مشاغل میں درپیش چھوٹے موٹے مسائل کا حل بھی اور بنانے کے طریقے بھی موجود ہیں۔ اس کے ساتھ ناکارہ اشیا سے کارآمد اشیا بنانا، موم سے مختلف اشیا بنانا اور ایسی بے شمار دوسری اشیا کے طریقے اور راہ نما اصول درج ہیں، جن پر عمل کرکے گھر بیٹھے بہ آسانی یہ اشیاء بنائی جاسکتی ہیں۔ غرض دیواروں سے مارکر کے نشانات صاف کرنے ہوں یا وال پیپر کی دیکھ بھال ہو۔ پرانی کپڑوں کی الماری یا باورچی خانے کی کیبنٹ کو نیا انداز دینا ہو یا زیورات کو منظم رکھنا ہو یا کوئی اور مسئلہ ہو ہر مسئلے کا حل، گھریلو ٹوٹکے اور تجاویز اس ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ غرض یہ کہ یہ ویب سائٹ ہر شخص کے لیے بے حد سودمند ثابت ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں