ایدھی سرد خانے میں بائیو میٹرک سسٹم نصب نا معلوم لاشوں کی جلد شناخت ممکن ہو گئی

نظام سی پی ایل سی نے نصب کیا، اب تک فنگر پرنٹس کے ذریعے5نامعلوم لاشیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں


Raheel Salman November 01, 2015
سرد خانے میں بائیومیٹرک سسٹم نصب ہونے کے بعد لاوارث لاشوں کی انگلیوں کے فنگر پرنٹس لے کرنادرا کو بھیجا جاتا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

ایدھی سرد خانے میں بائیومیٹرک سسٹم نصب ہونے سے نامعلوم لاشوں کی جلد شناخت ممکن ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ پر واقع ایدھی فاؤنڈیشن کے تحت قائم سرد خانے میں شہر بھر سے ملنے والی لاوارث لاشیں لائی جاتی ہیں جن میں زیادہ تعداد نشے کے عادی افراد کی ہوتی ہے ، اس کے علاوہ فائرنگ،ٹریفک حادثات،کسی ناگہانی آفت کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد اور جن کی فوری طور پر شناخت نہ ہوسکے، ایسی تمام لاشوں کو ایدھی سرد خانے میں رکھا جاتا ہے ۔

ایسی لاشوں کو کئی کئی روز تک محفوظ رکھا جاتا ہے ، زیادہ سے زیادہ عرصے رکھنے کا مقصد ان کی شناخت ہی ہوتا ہے کہ کسی طرح ورثا انھیں تلاش کرتے کرتے سرد خانے تک پہنچ جائیں اور آخری دیدار کے ساتھ ساتھ وہ خود اپنے ہاتھوں سے ہی انھیں سپرد خاک کرسکیں لیکن جب تلاش ناممکن ہوجاتی ہے تو کچھ دنوں کے بعد لاش کی تصویر محفوظ کرکے بلدیہ ٹاؤن مواچھ گوٹھ قبرستان میں تدفین کردی جاتی ہے ۔

اب ایدھی سرد خانے میں جدید ٹیکنالوجی نصب کردی گئی ہے، فنگر پرنٹس کی مشین (بایو میٹرک مشین) ، کمپیوٹر ، وائی فائی اور دیگر ضروری آلات کی تنصیب کے بعد لائی جانے والی لاوارث لاشوں کے دونوں ہاتھوں کی تمام انگلیوں کے فنگر پرنٹس لیے جاتے ہیں جسے نادرا کو بھیجا جاتا ہے ، نادرا کے ڈیٹا کے ذریعے ان کی شناخت ممکن ہوتی ہے ، شناخت کے بعد مذکورہ ایڈریس پر ورثا کو مطلع بھی کیا جاتا ہے ۔

مذکورہ نظام سی پی ایل سی نے نصب کیا ہے ، اب تک اس ٹیکنالوجی کی مدد سے فنگر پرنٹس کے ذریعے5نامعلوم لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے، اکتوبر کے مہینے میں لیاری کے علاقے کلاکوٹ سے ملنے والی لاش کی شناخت بلال علی شاہ کے نام سے کی گئی لیکن ورثا نے لاش وصول کرنے سے انکار کردیا جسے ایدھی فاؤنڈیشن کے تحت ہی سپرد خاک کیا گیا،17اکتوبر کو جناح اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد انتقال کرجانے والے60سالہ رحیم گل کی شناخت بھی فنگر پرنٹس کے بعد ہی ممکن ہوسکی۔

اکتوبر میں ہی سولجر بازار کے علاقے سے ملنے والے نشے کے عادی شخص کی شناخت اشرف ولد جعفر کے نام سے ہوئی لیکن ورثا مطلع کیے جانے کے بعد بھی نہیں آئے جس پر اس کی تدفین کردی گئی ، رواں ماہ لانڈھی سے ملنے والی لاش کی شناخت جاوید کے نام سے ہوئی جوکہ کورنگی کا رہائشی تھا ۔

لاش کو اس کی والدہ نے وصول کیا ، کلاکوٹ میں پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ملزم بلال کی شناخت بھی فنگر پرنٹ کے ذریعے ہوئی جوکہ بلال کالونی کورنگی کا رہائشی تھا ، ایدھی سرد خانے میں اس وقت مختلف علاقوں سے ملنے والی4لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جن کے فنگر پرنٹ نادرا کو بھیجے گئے لیکن اب تک ان کا ریکارڈ نہیں مل سکا تاہم فنگر پرنٹس دوبارہ بھیجے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں