ٹینس رینکنگ فیڈرر نے اینڈی مرے کی دوسری پوزیشن چھین لی

رافیل نڈال کی چھٹے درجے پر ترقی، ویمنز سنگلزمیں اگنیسکا ریڈوانسکا نے پیٹرا کیوٹوا کو پیچھے دھکیل کر پانچواں نمبرپالیا


رافیل نڈال کی چھٹے درجے پر ترقی، ویمنز سنگلزمیں اگنیسکا ریڈوانسکا نے پیٹرا کیوٹوا کو پیچھے دھکیل کر پانچواں نمبرپالیا فوٹو: رائٹرز/فائل

ISLAMABAD: ٹینس کی نئی عالمی رینکنگ میں راجر فیڈرر نے اینڈی مرے سے دوسری پوزیشن چھین لی، سوئس ماسٹر نے باسل انڈورز ٹینس میں 7ویں مرتبہ ٹائٹل جیت کر ایک درجہ بہتری حاصل کی۔

انھوں نے فائنل میں رافیل نڈال کو ٹھکانے لگایا، نووک جوکووک بدستور پہلی پوزیشن پر فائز ہیں، اگنیسکا ریڈوانسکا نے ڈبلیو ٹی اے فائنلز میں پیٹرا کیوٹوا کو شکست دے کر ایک درجہ برتری کے ساتھ ویمنز رینکنگ میں ان کی پانچویں پوزیشن پر قبضہ کرلیا،گذشتہ ہفتے سنگاپور میں غیر حاضری کے باوجود سرینا ولیمز نے سر پر نمبر ون پلیئر کا تاج سجا رکھا ہے۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز جاری ہونے والی عالمی اے ٹی پی رینکنگ میں راجر فیڈرر نے اینڈی مرے سے دوسری پوزیشن چھین لی۔

انھیں یہ مقام ہفتے کے اواخر میں رافیل نڈال کو فائنل میں شکست دیکر ساتواں سوئس انڈورز ٹائٹل جیتنے پر ملا۔ باسل میں سیمی فائنلز میں نڈال سے ہارنے والے رچرڈ گیسکوئٹ 2 درجے بلندی کے ساتھ نویں نمبر پر آگئے ہیں۔ساڑھے 7 ہزار سے زائد پوائنٹس کی برتری کے ساتھ نووک جوکووک کی عالمی نمبر ایک پوزیشن کو کوئی فوری خطرہ نہیں ہے۔

اسٹینسلس واورنیکا اور ٹامس بریڈیچ بھی بدستور تیسری اور چوتھی پوزیشنز پر براجمان ہیں۔ باسل ٹورنامنٹ کے فائنل تک پہنچنے پر نڈال کو ایک درجہ ترقی ملی اور انھوں نے کائی نیشکوری کو ساتویں نمبر پر دھکیلتے ہوئے چھٹی پوزیشن ہتھیالی، ڈیوڈ فیرر اور جوئے ولفریڈ سونگا بدستور آٹھویں اور 10ویں سیڑھی پر موجود ہیں جبکہ رچرڈگیسکوئٹ 2 زینے ترقی پاتے ہوئے نویں نمبر پر آگئے۔

ٹاپ 20 میں شامل دیگر پلیئرز میں میرن کلک 2 درجے برتری کے ساتھ 11ویں، کیون اینڈرسن بدستور 12ویں، جون اسنر ایک زینہ چڑھ کر 13ویں، 5 درجے تنزلی کے بعد میلوس راؤنک 14ویں، جائلز سیمون بدستور 15ویں، ایک سیڑھی اوپر آکر ڈیوڈ گوفن 16ویں، ایک درجہ نیچے جانے کے بعد فیلکیانو لوپز 17ویں جبکہ برنارڈ ٹومک، ڈومینک تھیم اور گیل مونفلز بدستور بالترتیب 18 سے 20 نمبر پر ٹھہرے ہوئے ہیں۔ ادھر ڈبلیو ٹی اے رینکنگ میں سرینا ولیمز کی بادشاہت کو کوئی خطرہ نہیں، امریکن اسٹار گذشتہ ہفتے سنگاپور ایونٹ میں حصہ نہ لینے کے باوجود تقریباً 4 ہزار پوائنٹس کی برتری کے ساتھ سر فہرست ہیں۔ سیمونا ہالیپ، گاربین مگروزا اور ماریا شراپووا بھی بالترتیب دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیش پر براجمان ہیں، ڈبلیو ٹی اے فائنلز میں کامیابی کے ساتھ اگنیسکا ریڈوانسکا ایک زینہ اوپر چڑھتے ہوئے پانچویں نمبر پر آگئی ہیں۔

انھوں نے پیٹرا کیوٹوا کی نشست حاصل کرتے ہوئے انھیں چھٹے نمبر پر دھکیل دیا ہے۔ فلاویا پنیٹا اور لوسی سفارووا ایک، ایک درجہ بلندی کے ساتھ ساتویں اور آٹھویں زینے پر براجمان ہوگئی ہیں۔ اینجلیک کیربر 2 سیڑھیاں نیچے اتر کر نویں مقام پر جبکہ 10ویں زینے سے لاسٹ 20 پوزیشنز پر کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی اوران نمبروں پر بالترتیب ٹیمیا بیزنسکی، وینس ولیمز، کارلا سواریز نیوارو، کیرولینا پلسکووا، بیلنڈا بینسک، روبریٹا ونسی، اینا ایوانووک، کیرولین ووزینسکی، سارا ایرانی، میڈیسن کیز اور ایلینا سویٹولینا موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں