وزیر اعظم کی ہدایت پر زرعی مصنوعات کیلیے مراعات زیر غور

وزیر اعظم نے زراعت کے فروغ کے لیے کمیٹی قائم کی ہے، وزیر تجارت بھی اس کمیٹی کا حصہ ہیں۔


اظہر جتوئی November 18, 2015
وزیر اعظم نے زراعت کے فروغ کے لیے کمیٹی قائم کی ہے، وزیر تجارت بھی اس کمیٹی کا حصہ ہیں۔ فوٹو: فائل

لاہور: وزیراعظم نے وزارت تجارت کو پھلوں اور سبزیوں سمیت زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے لیے مراعات کو نئی تجارتی پالیسی میں شامل کرنے کی ہدایت کردی جس پروزارت تجارت میں دنیا کی مختلف منڈیوں میں زرعی برآمدات میں اضافے کیلیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

وزارت تجارت کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت کے بعد نئی تجارتی پالیسی میں برآمدات کیلیے زرعی اجناس کی پراسیسنگ پر پرکشش مراعات دینے پر غور شروع کر دیا گیا ہے تاکہ ملک کے دور افتادہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں کیلیے مزید اسپیشل پیکیجز متعارف کرائے جا سکیں، پاکستانی زرعی اجناس کو غیرروایتی منڈیوں میں متعارف کرانے کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

وزارت تجارت کے حکام کے مطابق فشریز کی جنوب مشرقی ایشیا اور چین میں بہت طلب ہے، فشریز کے فروغ کے لیے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کے ذریعے بھی پروجیکٹ شروع کیے گئے ہیں، وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق وزارت تجارت میں زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، اس سلسلے میں مختلف ممالک سے مذاکرات جاری ہیں، ترجیحات میں ایران سرفہرست ہے، اس ضمن میں ایران سے فری ٹریڈ سمیت دیگر امور پر بات چیت جاری ہے۔

ایران پر عالمی پابندیاں ہٹنے کے بعد پاکستان کو یہ مارکیٹ بھی مل جائے گی جبکہ روس اور وسط ایشیا میں زرعی برآمدات میں اضافے کے لیے بھی حکمت عملی طے کی جا رہی ہے، روس میں پہلی مرتبہ فوڈ ایکسپو میں شرکت کی گئی ہے۔ وزارت تجارت نے ان علاقوں میں چاول، کینو، آم، سبزیاں بھرپور طریقے سے متعارف کرانے کا آغاز کر دیا ہے، وزیر اعظم نے زراعت کے فروغ کے لیے کمیٹی قائم کی ہے، وزیر تجارت بھی اس کمیٹی کا حصہ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں