میرانشاہ پر ڈرون حملہ 5افراد ہلاک باڑہ میں آپریشن 1800گرفتاریاں

جاسوس طیارے نے تپتی گاؤںکے قریب 2میزائل داغے،باڑہ میں سرچ آپریشن،2ہلاک،فیکٹری پرگولہ گرنے سے4 مزدورجاں بحق


شدت پسندوں کی طرف سے نصب کیے گئے 7بم ناکارہ بنا دیے گئے،پشاور میں باچا خان مرکز کے قریب دھماکا، پل کو نقصان۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

BAHAWALPUR: شمالی وزیرستان ایجنسی کے تحصیل ہیڈ کواٹرز میران شاہ میں امریکی ڈرون طیارے کے میزائل حملے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

بتایاجاتاہے کہ بدھ کوامریکی جاسوس طیارے نے تپتی گاؤںکے قریب 2میزائل داغے ،ایک مکان کواوردوسرااس کے باہرکھڑی گاڑی کولگا،جس کے باعث 5افرادجان سے ہاتھ دھوبیٹھے جبکہ قربانی کیلیے لائی گئی 3گائیں بھی مرگئی۔مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے لاشیں نکالیں۔حملے کے بعد بھی علاقے میںجاسوس طیاروں کی نچلی پروازیں جاری رہیں،جس سے خوف وہراس پھیل گیا۔ اے ایف پی کے مطابق مکان جنگجوؤں کاٹھکانہ تھااوراسے اسلحہ وایمونیشن ذخیرہ کرنے کیلیے استعمال کیا جاتا تھا۔

امریکی ریڈیوکے مطابق مرنے والوں میں ایک عورت بھی شامل ہے۔ اکتوبر کے دوران شمالی وزیرستان میں یہ تیسراامریکی حملہ ہے،11 اکتوبر کو اورکزئی میں مدرسے پرحملے میں 18 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ادھرپشاورمیں پجگی روڈ پر واقع اے این پی کے باچا خان مرکز کے سامنے نہر کنارے بم دھماکا ہوا،جس سے پل کو معمولی نقصان پہنچا۔ سینئر وزیر بشیر احمد بلور نے دھماکے کی جگہ کا معائنہ کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا اور اس میں آدھا کلو دھماکا خیز مواد استعمال ہوا۔ سیکیورٹی فورسز نے خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ میں سرچ آپریشن کے دوران 18سو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔

شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران مختلف مقامات پر نصب 7 بموں کوناکارہ بنا دیا گیا۔ باڑہ بازار کے قریب فیکڑی پر نامعلوم سمت سے داغاجانے والا مارٹر گولہ گرنے سے 4 مزدورہلاک ہو گئے۔نمائندہ ایکسپریس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران ڈھائی ہزارافراد کوحراست میں لیا گیا،جن میں700 افراد کوپوچھ گچھ کے بعدموقع پر رہاجبکہ18سوکو تفتیش کیلیے کیمپ لے جایا گیا ۔فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا شیر مت خان ملک دین خیل زیادہ خون بہنے سے دم توڑ گیا۔

سپاہ میں کالعدم تنظیم کا جنگجو نیکمت خان بم نصب کرتے ہوئے دھماکے سے ہلاک ہوگیا۔ باڑہ فرنٹیر روڈ پر سٹرک کنارے نصب بم پھٹنے سے 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔مہمند ایجنسی کی تحصیل حلیمزئی میں شدت پسندوں نے 2 اسکول دھماکے سے اڑا دیے۔ طالبان نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے 3افراد گرفتار کرلیے۔ ڈی آئی خان میں 15 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیاگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں