پی بی اے کے سیکریٹری جنرل سرفرازشاہ کو معطل کردیا گیا

بعض سنگین اور خلاف قانون کاموں کی وضاحت کیلیے نوٹس جاری، ہائیکورٹ میں مقدمہ


Express Report October 26, 2012
ڈان نیوز کے شکیل مسعود پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے نئے سیکریٹری جنرل مقرر

پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے چیئرمین محمد اسلم قاضی نے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے۔

جس میں کہا گیا ہے کہ ایسوسی ایشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سرفرازشاہ کو سیکریٹری جنرل کے عہدے سے فوری طور پرمعطل کردیا ہے۔ یہ فیصلہ پی بی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں کے ٹی این، آج ٹی وی، ایکسپریس ٹی وی، ڈان نیوز، جیو ٹی وی، ٹی وی ون، ہم ٹی وی، دھوم ٹی وی، ایف ایم91، سٹی ایف ایم89، اپنا کراچی 107 نے شرکت کی ۔ دنیا ٹی وی اور سٹی42نے اس فیصلے کی بھرپور حمایت کی۔ سرفرا زشاہ کو اظہار وجوہ کا نوٹس بھی جاری کیاگیا ہے۔

جس میںکہا گیا ہے کہ وہ اپنے سیکریٹری جنرل کے دور میں کیے جانے والے بعض سنگین اور خلاف قانون کاموں کے سلسلے میں وضاحت پیش کریں، پی بی اے کے آرٹیکل آف ایسوسی ایشن کے مطابق بورڈ نے انھیں اظہار وجوہ کا جواب دینے کیلیے10دن کی مہلت دی ہے اور انھیں ذاتی طور پر12نومبر کو پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔ بورڈ نے ڈان نیوز کے سی ای او شکیل مسعود کو پی بی اے کا نیا سیکریٹری جنرل مقررکیا ہے، وہ سرفراز شاہ کی غیر موجودگی میں فرائض انجام دیں گے، اس کے علاوہ ایسوسی ایشن اور اس کے بورڈ کے ارکان کی اکثریت کی طرف سے سرفرازشاہ کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں مقدمہ بھی دائر کیا گیا ہے،عدالت نے اس حوالے سے تمام فریقین کوحالت جوں کی توں برقرار رکھنے کو کہا ہے جس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ سرفراز شاہ کی معطلی اور شکیل مسعود کی تقرری کی قانونی حیثیت ہے۔

پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے تمام متعلقہ افراد اور اداروں سے کہا ہے کہ مستقبل میں تمام معاملات میں رابطے سرفرازشاہ کی بجائے نئے سیکریٹری جنرل شکیل مسعود سے رکھے جائیں، مستقبل میں سرفراز شاہ کے ساتھ ہونے والی کسی ڈیلنگ کو قبول نہیں کیا جائے گا، پی بی اے نے سرفرازشاہ سے تنظیم کے تمام مالی معاملات بینک اکائونٹ اور چیک پر دستخط کرنے کا اختیار بھی واپس لے لیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں