قومی شاہراہ پر ڈاکو راج متعدد گاڑیاں لوٹ لی گئیں مزاحمت پر تاجر قتل 12زخمی

لٹنے والوں میں اکثریت کراچی میں قربانی کے جانور فروخت کرکے گھروں کو جانے والے تاجروں کی ہے، مسافروں پر تشدد.


Nama Nigaran October 30, 2012
متاثرین کا شدید احتجاج، قومی شاہراہ پر دھرنا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے کئی گوٹھوں میں آپریشن، 5 مکانات نذر آتش، 15 گرفتار، 2 تھانیدار معطل ۔ فوٹو: فائل

قومی شاہراہ پر ڈاکو راج، کراچی سے پنجاب جانے والی 2 مسافر کوچز سمیت متعدد گاڑیوں کو لوٹ لیا گیا۔

مزاحمت پر فائرنگ سے ایک مسافر جاں بحق، 12 زخمی ہو گئے، ملزمان 3 کروڑ روپے لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے، متاثرین کا قومی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ ودھرنا، دولت پور اور شاہ پور جہانیاں کے تھانیدار معطل کردیے گئے، ڈاکوئوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کا آپریشن، متعدد گوٹھوں سے 15 سے زائد مشکوک افراد گرفتار، 5 مکانات نذر آتش کردیے۔ تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی کی شب شاہ پور جہانیاں کے قریب قومی شاہراہ پر 10 نامعلوم مسلح ڈاکوئوں نے کراچی سے پنجاب جانے والی متعدد گاڑیوں سمیت مویشیوں کے تاجروں سے بھری کوچ کو لوٹ لیا، مزاحمت پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 30 سالہ غلام یاسین جاں بحق۔

جبکہ 12 تاجر زخمی ہوگئے،لٹنے والوں نے قومی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دے کر ٹریفک معطل کردی، انہوں نے بتایا کہ وہ کراچی میں قربانی کے جانور فروخت کرنے کے بعد اپنے گائوں خان پور ورحیم یار خان جارہے تھے کہ ڈاکوئوں نے انھیں لوٹ لیا، انھوں نے بتایا کہ ہم سے 2 کروڑ روپے لوٹ لیے گئے ہیں، علاوہ ازیں سکرنڈ کے قریب قومی شاہراہ پر بھی ڈاکوئوں نے تاجروں سے بھری کوچ کو لوٹ لیا اور تقریباً ایک کروڑ روپیچھین لیے جبکہ مزاحمت پر مسافروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے پہنچنے پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ پر ڈاکو فرار ہوگئے۔ دوسری جانب نواب شاہ پولیس نے ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا، ڈی ایس پی دولت پور غلام علی لغاری نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ایس ایس پی خالد مصطفی کورائی خود آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں، متعدد گوٹھوں میں چھاپے مار کر 15 سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ 5 جرائم پیشہ افراد کے مکانات منہدم کردیے گئے ہیں، دریں اثنا ایس ایس پی نے ڈکیتی کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے فرائض میں غفلت برتنے پر دولت پور تھانے کے ایس ایچ او نادر بھٹی اور شاہ پور جہانیاں کے تھانیدارنعمت اللہ میمن کو معطل کردیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں