حکومت کراچی میں بدامنی کا سخت نوٹس لے لاہور چیمبر

امن و امان کی تباہ کن صورتحال کے اثرات قومی معیشت پر بھی مرتب ہو رہے ہیں.


Commerce Reporter October 31, 2012
امن و امان کی تباہ کن صورتحال کے اثرات قومی معیشت پر بھی مرتب ہو رہے ہیں. فوٹو فائل

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ امن و امان کی بدتر صورتحال کا سختی سے نوٹس لے اور حالات درست کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق افتخار، سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ ، نائب صدر میاں ابوذر شاد اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نے کہا کہ معاشی حالات تب تک درست نہیں ہونگے جب تک امن و امان کی صورتحال کو بہتر نہیں بنایا جاتا، کراچی نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کا سب سے بڑا مرکز ہے بلکہ محاصل اور جی ڈی پی میں بھی اس کا نمایاں حصہ ہے، یہاں امن و امان کی تباہ کن صورتحال کے اثرات قومی معیشت پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔

جبکہ ملکی و غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی کی ایک بڑی وجہ بھی یہی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں روزانہ درجنوں افرادکی ہلاکتوں کی وجہ سے کاروباری برادری بھی شدید پریشان ہے، صنعت و تجارت کو پہلے ہی بجلی و گیس کے بحران، ہنرمند افرادی قوت کی قلت اور زیادہ پیداواری لاگت جیسے مسائل کا سامنا ہے جبکہ امن و امان کے حالات جلتی پر مزید تیل چھڑک رہے ہیں، روزانہ قتل و غارت اور چوریوں و ڈکیتیوں کی وجہ سے عالمی سطح پر ملک کی ساکھ بھی مجروح ہورہی ہے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اگر ملک بھر میں امن و امان کے حالات بہتر ہوجائیں اور توانائی کی قلت ختم ہو جائے تو تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گااور ملکی و غیرملکی سرمایہ کار سرمایہ کاری کی جانب راغب ہونگے جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اور حکومت کے محاصل بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں بالخصوص تاجر برادری کو تحفظ دینا حکومت کی ذمے داری ہے لہٰذا حکومت کو اس جانب بھرپور توجہ دینی چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں