خوراک کی عالمی قیمتیں 2015 میں191 فیصدگرگئیں

سب سے زیادہ کمی ڈیری28.5،چینی21اورکوکنگ آئل کے نرخ میں19 فیصد ہوئی


Business Desk January 08, 2016
سب سے زیادہ کمی ڈیری28.5،چینی21اورکوکنگ آئل کے نرخ میں19 فیصد ہوئی فوٹو : فائل

LONDON: اشیائے خوراک کی عالمی قیمتیں سال 2015 میں 19.1 فیصد گرگئیں جبکہ نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں کھانے پینے کی اشیا کے نرخ 1فیصد کم ہوئے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک وزراعت (ایف اے او) سے ای میل کے ذریعے ملنے والی رپورٹ کے مطابق کھانے پینے کی اشیا کی وافر سپلائی کے باعث گزشتہ سال عالمی سطح پر قیمتوں میں نمایاں کمی آئی۔

واضح رہے کہ 2015 مسلسل چوتھا سال ہے جب خوراک کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، عالمی معاشی سست روی کی وجہ سے گزشتہ سال دھاتوں سے لے کرانرجی مارکیٹس تک تمام دیگر اشیا کے نرخ بھی گھٹ گئے۔

رپورٹ کے مطابق دسمبر میںخوراک کی قیمتوں میں نومبر سے1فیصد کمی ہوئی، اس دوران چینی اور ویجیٹیبل آئل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تاہم اس کے اثرات گوشت، ڈیری اور اناج کی قیمتوں میں کمی سے زائل ہوگئے۔ ایف اے او کے سینئراکنامسٹ عبدالرضا عباسین کے مطابق کمزور طلب کے مقابل وافر سپلائی اور ڈالر کی قدر میں اضافہ 2015 کے دوران اشیا کی قیمتوں میں کمی کا باعث بنا۔

رپورٹ کے مطابق دسمبر میں اناج کی قیمتوں میں 1.3 فیصد کمی ہوئی جبکہ 2015 میں اناج میں سے چاول کی قیمت میں سب سے زیادہ 15.4فیصد کی کمی ہوئی، دسمبر میں ڈیری قیمتوں میں 1 فیصد کمی ہوئی جبکہ 2015 میں 28.5فیصد کی کمی ہوئی جو کسی بھی فوڈ آئٹم میں گزشتہ سال ہونے والی سب سے زیادہ کمی ہے۔

گزشتہ ماہ گوشت کے نرخ 2.2 فیصد گرے تاہم ایک سال میں گوشت 15.1فیصد سستا ہوا، پکانے کے تیل کے نرخ دسمبر میں 2.1فیصد بڑھے تاہم یہ ایک سال کے دوران 19فیصد کم رہے، اسی طرح چینی کی عالمی قیمت دسمبر میں 0.6فیصد بڑھی مگر 2015 میں مجموعی طور پر 21فیصد کم ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں