کوئی امید نہ لگائے کہ الیکشن سے قبل نیا سیٹ اپ آئیگا شجاعت

گھوڑا بھی ہے اور میدان بھی، انتخابات میں سب کو اپنی حیثیت کا اندازہ ہوجائے گا


Numainda Khususi November 02, 2012
یہ لوگ پہلے مانتے تھے کہ انھوں نے پیسے لیے لیکن اب انکار کررہے ہیں، میڈیا سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ق) کے صدر سینیٹر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سیاسی موسم تبدیل ہورہا ہے۔

جوں جوں الیکشن نزدیک آرہے ہیں سیاسی اتحاد بنتے اور ٹوٹتے رہیں گے،گھوڑا بھی ہے اور میدان بھی، انتخابات میں سب کو اپنی حیثیت کا اندازہ ہوجائے گا، ہماری پارٹی موجود ہے اور انشااﷲ قائم و دائم رہے گی، ہم پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر الیکشن میں حصہ لیں گے۔ جمعرات کو پنجاب اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کبڈی ٹورنامنٹ 2012 کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اس لیے کوئی اس آس پر نہ رہے کہ انتخابات سے قبل کوئی نیا سیٹ اپ آئے گا۔

چوہدری شجاعت نے کہا کہ انتخابات سے قبل عبوری حکومت کے قیام کے لیے حکومت سب سے پہلے ہم سے مشاورت کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ میاں منظور احمد وٹو کو ان کی جماعت نے پارٹی کا صدر بنایا ہے، ہمیں اس حوالے سے کوئی تحفظات نہیں ہیں۔ اصغر خان کیس کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اپنا کام کر رہی ہے، عدالتی فیصلے آرہے ہیں، یہ لوگ پہلے مانتے تھے کہ انھوں نے پیسے لیے لیکن اب یہ اپنی ہی بات سے انکار کررہے ہیں۔

چوہدری شجاعت نے کہا کہ کبڈی جیسے مقابلے ہوتے رہنے چاہئیں یہ خوش آئند بات ہے۔ اس سے ملکوں اور عوام کے درمیان تعلقات بہتر ہوتے ہیں۔ چوہدری شجاعت نے اس موقع پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کو 10 لاکھ روپے کا چیک اور ریٹائرڈ کھلاڑیوں کو شیلڈز دیں۔ کامل علی آغا، علیم عادل شیخ، سالک حسین اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں