ایکسپورٹ6سال کی کم ترین سطح تک گرنے کا خدشہ

جولائی سے جنوری تک پاکستان کی برآمدات 14.37 فیصد کی کمی سے 12ارب 8کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہیں، پاکستان بیوروشماریات


Kamran Aziz February 11, 2016
جنوری کی تجارت میں پاکستان کو سال بہ سال 76.70 فیصد کے اضافے سے 1ارب 73کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا خسارہ ہوا، فوٹو: فائل

پاکستان کی برآمدات کے رواں مالی سال کے اختتام پر 6 سال کی کم ترین سطح تک گرنے کا خدشہ ہے، گزشتہ 7ماہ کے دوران برآمدات 14.4 فیصدکمی سے صرف 12ارب ڈالر رہیں، صورتحال یہی رہی تو ایکسپورٹ جون میں مالی سال کے اختتام پر20.7ارب ڈالر رہیں گی۔ یاد رہے کہ مالی سال2009-10 میں ایکسپورٹ کی مالیت19ارب 29کروڑ ڈالر رہی تھی جبکہ 2010-11میں ایکسپورٹ 24ارب 81کروڑ ڈالر اور 2013-14 میں 25ارب11کروڑ ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے جنوری تک پاکستان کی برآمدات 14.37 فیصد کی کمی سے 12ارب 8کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 14ارب 11کروڑ 50لاکھ ڈالر تھیں، اس طرح 7ماہ میں برآمدات میں کمی کے باعث زرمبادلہ کی آمدنی میں 2ارب 2کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی کمی ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں بجلی گیس سمیت مہنگی یوٹیلٹیز، توانائی کے بحران، ٹیکسوں کی بلند شرح، ریفنڈ کلیمز کی ادائیگیوں میں تاخیر اور دیگر مسائل کی وجہ سے صنعتی شعبے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

رواں مالی سال برآمدات کی ماہانہ اوسط 1726ارب ڈالر رہیں جو 2013-14 میں 2ارب 9کروڑ 25 لاکھ ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، موجودہ رفتار سے ایکسپورٹ 20ارب 70 کروڑ ڈالر کے قریب رہے گی۔

پی بی ایس کے مطابق گزشتہ 7 ماہ میں درآمدات 5.38 فیصد کمی سے 25ارب 72کروڑ 30لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 4.31 فیصد کے اضافے سے 13ارب 63کروڑ 60لاکھ ڈالر رہا، جنوری کی تجارت میں پاکستان کو سال بہ سال 76.70 فیصد کے اضافے سے 1ارب 73کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا خسارہ ہوا، گزشتہ ماہ برآمدات 13.90 فیصد کمی سے 1ارب 77کروڑ 20 لاکھ ڈالر اور درآمدات 15.39 فیصد کے اضافے سے 3ارب 50کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں