ملکہ میکسیما کی زیرصدارت ڈیجیٹل مالی شمولیت پرمباحثہ

پاکستان کا ضوابطی ڈھانچہ بہترین ہے جو مالی شمولیت کو ترقی کی نئی سطح تک لے جانے کے لیے مضبوط بنیادیں رکھتا ہے


Business Desk February 11, 2016
پاکستان کا ضوابطی ڈھانچہ بہترین ہے جو مالی شمولیت کو ترقی کی نئی سطح تک لے جانے کے لیے مضبوط بنیادیں رکھتا ہے، ملکہ میکسیما فوٹو : مدثر راجا / ایکسپریس

نیدرلینڈز کی ملکہ اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی خصوصی مشیر برائے شمولیتی مالیات برائے ترقی (یواین ایس جی ایس اے) میکسیما نے اسلام آباد میں 'ڈیجیٹل مالی خدمات کا مستقبل' کے موضوع پر گول میز مباحثے کی صدارت کی۔ملکہ میکسیما مالی شمولیت کی ترویج کی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان کے دورے پر ہیں۔

گول میز کا اہتمام بینک دولت پاکستان نے کیا تھا۔ ملکہ میکسیما نے کہا کہ پاکستان کا ضوابطی ڈھانچہ بہترین ہے جو مالی شمولیت کو ترقی کی نئی سطح تک لے جانے کے لیے مضبوط بنیادیں رکھتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انڈسٹری کو مل جل کرآئندہ 3سے 4سہ ماہیوں میں کم از کم کچھ بڑی رکاوٹیں دور کرنی چاہئیں تاکہ ڈیجیٹل مالی خدمات کے بھرپور امکانات حقیقت بن سکیں۔ ملکہ میکسیما نے جو تجاویز دیں ان میںاضافی نقد کے استعمال کی حوصلہ شکنی، خواتین کے لیے اسمارٹ سیل فون کی دستیابی اور برانچ لیس بینکاری کی لاگت کو کم کرنا شامل ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک اشرف وتھرا نے اپنے خیرمقدمی کلمات میںکہا کہ ڈیجیٹل مالی خدمات روایتی بزنس ماڈلز کی رکاوٹوں پر قابو پانے کے امکانات رکھتی ہیں، برانچ لیس بینکاری آسان بھی ہے اور محروم طبقات کے لیے بہت سستی بھی کیونکہ اس میں لاگت کا موثر استعمال ہوتا ہے۔انھوں نے کہا کہ سازگار ضوابطی ماحول سے ملک میں ڈیجیٹل مالی خدمات کی ترویج میں مدد ملی ہے، انڈسٹری کا انفرااسٹرکچر اہم متبادل ڈلیوری چینل کے طور پر ابھرا ہے اور اس نے ملک کے گوشے گوشے میں جگہ بنا لی ہے۔

گول میز کانفرنس کے شرکا نے اہم مسائل پر غورو خوض کیا اور لاگت میں کمی کی ضرورت، آگہی کے ذریعے ڈیجیٹل مالی خدمات پر عوامی اعتماد و یقین میں اضافے اور عالمی طور طریقوں سے سیکھنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ بحث کو سمیٹتے ہوئے ڈپٹی گورنر سعید احمد نے انڈسٹری کے فریقوں پر زور دیا کہ وہ رکاوٹیں دور کرنے کے مربوط طریقے وضع کرنے کے لیے ایک دوسرے سے اشتراک بڑھائیں۔

انہوں نے ایم والٹس اکاؤنٹس اور دیگر اہم شعبوں کو فروغ دینے میں ایس ای سی پی اور پی ٹی اے جیسے دیگر اہم فریقوں کے کردار پر زور دیا جو مالی شمولیت کے فروغ اور معاشرے کے غریب طبقات کو شمولیتی اور پائیدار بنیادوں پر خدمات کی فراہمی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔گول میز کانفرنس میں پی ٹی اے کے چیئرمین سید اسماعیل شاہ، نیدر لینڈز کے سفیر، ضوابطی اداروں، نادرا، ٹیل کوز، مالی اداروں، ٹیکنالوجی سروسز پروائیڈرز، امدادی اور کثیر فریقی ایجنسیوں کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں