شہید بینظیر تعلیمی پروگرام برائے خواتین شروع کرنیکا فیصلہ

پروگرام کے تحت 5 لاکھ خواتین کو ایک بر س میں بنیادی تعلیم فراہم کی جائے گی۔


عامر خان November 07, 2012
سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال،آغاز منظوری کے بعد فروری 2013 سے ہوگا،ذرائع

سندھ میں 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کی ناخواندہ خواتین کو خواندہ بنانے کیلیے حکومت سندھ نے ایک پروگرام ''شہید بینظیر بھٹو تعلیمی پروگرام برائے خواتین'' شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس پروگرام کے تحت 5لاکھ خواتین کوایک بر س میں بنیادی تعلیم فراہم کی جائے گی،ذرائع کے مطابق صوبائی محکمہ ترقی نسواں اور محکمہ تعلیم کے اشتراک سے ''شہید بینظیر بھٹو تعلیمی پروگرام برائے خواتین'' کو حتمی شکل دے کر سمری منظوری کیلیے وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردی گئی ہے، اس پروگرام پر80 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اس پروگرام کے تحت کراچی سمیت پورے سندھ میں ناخواندہ خواتین کو اردو، سندھی اور انگریزی لکھنے اور پڑھنے کے قابل بنایا جائے گا، ہر یونین کونسل میں ایک ایسے پرائمری اسکول کی بلڈنگ کا انتخاب کیا جائے گا جو یونین کونسل کے اندر سب کیلیے قابل رسائی ہو، اس پروگرام کا ہدف یہ ہے کہ پانچ لاکھ ناخواندہ خواتین کو خواندہ بنایا جائے، پروگرام پر عمل درآمد کیلیے پورے صوبے میں تقریباً ساڑھے پانچ ہزار خواتین اساتذہ کو ایک سال کے کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا جائے گا، پروگرام کا آغازوزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد فروری 2013 سے ہوگا،پروگرام کیلیے صوبائی وزیر ترقی نسواں توقیرفاطمہ بھٹو نے خصوصی کردار اداکیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں