ایشیا کپ بھارت کے ہاتھوں گرین شرٹس کو شکست شائقین غم سے نڈھال

پاکستانی ٹیم 17.3 اوورزمیں83رنز بناسکی، عامر نے بھارت کی ابتدائی 3 وکٹیں جلدگرادیں لیکن کوہلی پھربھی جم گئے


اسپورٹس رپورٹرز February 28, 2016
دل برداشتہ پرستاروںکاناقص کارکردگی پرقومی سلیکشن کمیٹی کی تبدیلی کامطالبہ، بعض نے اسٹارزکی تصاویرپھاڑدیں، وقاریونس مستعفی ہوں، شائقین ۔ فوٹو : ایکسپریس

روایتی حریف کے ہاتھوں مایوس کن کارکردگی نے شائقین کوخون کے آنسورلادیا، لوگ بیٹس مینوں کی جلدبازی میں وکٹیں گنوانے کاغصہ اپنے ٹی وی سیٹ پرنکالتے رہے، بعض دل برداشتہ پرستاروں نے قومی کرکٹرزکی تصاویر پھاڑ دیںاور بیشترنے سلیکشن کمیٹی کی تبدیلی کامطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے ایشیا کپ میں پاکستان کو5 وکٹوںسے شکست دے دی، سرفراز احمد اورخرم منظورکے علاوہ کوئی قومی بیٹس مین ڈبل فیگرز میںداخل نہ ہو سکا، دونوں نے بالترتیب25 اور10 رنزبنائے،کپتان شاہد آفریدی سمیت 2بیٹس مین رن آئوٹ ہوئے، پوری ٹیم 17.3 اوورزمیں تمام وکٹیں گنوا کر صرف83رنز ہی بنا سکی۔ اشیش نہرا، بمرا اور ایش ون نے2،2 کھلاڑیوں کا شکار کیا، بھارت نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں پر پورا کر لیا، ویرات کوہلی سب سے کامیاب بیٹس مین رہے، انھوں نے49 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، یووراج نے ناٹ آئوٹ14 رنز بنائے۔ محمد عامر نے3 اور محمد سمیع نے 2 مہرے کھسکائے۔

صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر کے شہروں اور نواحی علاقوں میں شائقین پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا میچ دیکھنے کے لیے دن بھر انتظار کرتے رہے، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تو انتظامیہ کی طرف سے بڑی اسکرینیں بھی لگائی گئی تھیں جس کی وجہ سے تماشائیوں کی بڑی تعداد نے اسٹیڈیم کا رخ کیا، اس موقع پر شائقین کا جوش وخروش دیدنی تھا، میچ شروع ہونے سے پہلے پرستار اپنے اسٹار کرکٹرز کے حق میں نعرے لگاتے رہے تاہم میچ کے آغاز میں ہی جب پاکستانی کھلاڑی ایک ایک کر کے پویلین کی راہ دیکھتے رہے تو شائقین میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی۔

پرستاوں کے صبر کا پیمانہ اس وقت لبریز ہوگیا جب کپتان شاہد آفریدی بھی صرف2 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوگئے۔ روایتی حریف کے ہاتھوں گرین شرٹس کی شکست کے بعد لاہور سمیت ملک بھر کے عوام میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی اور انھوں نے غصے میں اپنے ٹی وی سیٹ توڑ دیے، بعض نے قومی کرکٹرز کی تصویریں پھاڑ ڈالیں۔ دل برداشتہ شائقین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بیٹنگ دیکھ کر یہ محسوس ہو رہا تھا کہ ہم میچ نہیں بلکہ اس کی جھلکیاں دیکھ رہے ہیں، بولرز کی طرح بیٹس مین بھی ذمے داری کا ثبوت دیتے تو بھارت کے خلاف میچ کی صورت حال کچھ اور ہوتی، شائقین نے ہار کی بڑی وجہ سلیکٹرز کے غلط فیصلوں کو قرار دیتے ہوئے سلیکشن کمیٹی کو تبدیل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ دوسری جانب روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں عبرت ناک شکست پرکراچی میں بھی شائقین کرکٹ نے شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے پوسٹ مارٹم کامطالبہ کردیا۔

کھیل سے شغف رکھنے والوں نے ایشیاکپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم سے بری طرح ناکامی پربرہمی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ قومی ٹیم کے ہیڈکوچ وقار یونس ذمے داریاں ادا کرنے میںناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔ میچ کے اختتام پر قومی ٹیم کے مداحوں نے ایکسپریس کے دفاتر فون کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، ڈیفنس کے رہاشی ظفراحمد نے کہا کہ پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے قومی کرکٹرز بھارت کے سامنے بے بس نظر آئے، بیٹنگ لائن کے فلاپ ہونے کی تحقیقات کرائی جائے، مقابلے کے بغیر شکست کے ذمے داروں کا تعین کیا جائے، وقار یونس پاکستان ٹیم کے لیے بوجھ بن چکے ہیں، وہ ذاتی پسند اور ناپسند کے ساتھ انا کا شکارہیں جبکہ ان کی کوچنگ میںپاکستان کوناکامی کے سواکچھ نھیں ملا، سابق ٹیسٹ کپتان معین خان اور سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد اس ذمے داری کے لیے بہترین چوائس ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں