88ویں آسکر ایوارڈ کی رنگا رنگ تقریب

اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو کو ایوارڈ فلم ’دی ریویننٹ‘ کے لیے دیا گیا


Showbiz Desk March 01, 2016
اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو کو ایوارڈ فلم ’دی ریویننٹ‘ کے لیے دیا گیا فوٹو: اے ایف پی

امریکی شہر لاس اینجلس میں 88ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں جہاں سب اندازوں کے برعکس فلم 'اسپاٹ لائٹ' کو بہترین فلم قرار دیا گیا ہے وہیں اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو اپنا پہلا آسکر ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔

بہترین فلم کے علاوہ 'اسپاٹ لائٹ' نے بہترین اوریجنل اسکرین پلے کا ایوارڈ بھی جیتا ہے۔لیونارڈو کو بہترین اداکار کا ایوارڈ فلم 'دی ریویننٹ' کے لیے دیا گیا۔وہ ماضی میں چھ مرتبہ آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئے تھے تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ کامیابی ان کے حصے میں آئی ہے۔بہترین اداکارہ کا ایوارڈ برئی لارسن کو فلم 'دی رْوم' کے لیے دیا گیا۔ وہ پہلی مرتبہ آسکرز کے لیے نامزد ہوئی تھیں۔

اس برس آسکر ایوارڈز کے لیے سب سے زیادہ 12 نامزدگیاں حاصل کرنے والی فلم 'دی ریویننٹ' تین ایوارڈز جیت سکی جو کہ بہترین اداکار، بہترین ہدایتکار اور بہترین عکس بندی یا سینیماٹوگرافی کے ہیں۔بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ الیہاندرو اناریتوگونزالز نے جیتا اور یہ ان کا چوتھا آسکر ایوارڈ ہے۔ وہ گذشتہ برس 'ڈی برڈ مین' کے لیے بھی بہترین ہدایتکار، بہترین فلمساز اور بہترین اوریجنل اسکرین پلے کے ایوارڈ جیت چکے ہیں۔میڈ میکس، فیوری روڈ چھ ایوارڈز جیت کر سب سے آگے رہی تاہم یہ سب ایوارڈ تکنیکی شعبہ جات میں دیے گئے۔

اس فلم کو آسکرز میں دس ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے جن میں بہترین فلم کے لیے نامزدگی بھی شامل تھی۔میڈ میکس فیوری روڈ نے ملبوسات، میک اپ، پروڈکشن ڈیزائن، تدوین، ساؤنڈ ایڈیٹنگ اور ساؤنڈ مکسنگ کے شعبوں میں ایوارڈ جیتے ہیں۔بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ مارک ریلنس کو فلم 'برج آف سپائیز' کے لیے دیا گیا ہے جبکہ سویڈش اداکارہ الیشیا وکاندر فلم 'ڈینش گرل' کے لیے بہترین معاون اداکارہ قرار دی گئی ہیں۔ جبکہ بہترین دستاویزی فیچر فلم 'ایمی' قرار دی گئی۔آنجہانی گلوکارہ ایمی وائن ہاؤس کے بارے میں بنائی گئی اس فلم کے لیے آصف کپاڈیا اور جیمز ریس نے ایوارڈ حاصل کیے۔

بہترین طبع زاد اسکرین پلے کا ایوارڈ 'بگ شاٹ' کے نام رہا جبکہ بہترین موسیقی کا ایوارڈ برطانوی موسیقار سیم اسمتھ نے جیمز بانڈ سیریز کی فلم 'سپیکٹر' کے لیے جیتا۔اکیڈمی ایوارڈز کی اس تقریب کا ہالی وڈ کی کچھ شخصیات نے بائیکاٹ بھی کیا ہے جن کا موقف ہے کہ رواں برس آسکر ایوارڈز کی نامزدگیوں میں تنوع کی کمی ہے۔خیال رہے کہ اس سال بہترین اداکاری کے لیے نامزد کیے گئے تمام 20 اداکار سفید فام تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں