روئی کے عالمی ذخائر میں 6 سال بعد 8 فیصد کمی کا امکان ظاہر

زیرکاشت رقبہ8 فیصد گھٹ گیا،عالمی پیداوار 15اور کھپت2فیصد کم رہے گی،آئی سی اے سی


Business Desk March 03, 2016
زیرکاشت رقبہ8 فیصد گھٹ گیا،عالمی پیداوار 15اور کھپت2فیصد کم رہے گی،آئی سی اے سی۔ فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کاٹن ایڈوائزری کمیٹی (آئی سی اے سی) نے روئی کی عالمی پیداوار میں کمی کے باعث گزشتہ6 سال میں پہلی بار سیزن 2015/16 کے اختتامی اسٹاک میں کمی کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

گزشتہ روز واشنگٹن میں جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق سیزن کے اختتام پر روئی کے عالمی ذخائر 8 فیصد کمی سے 2کروڑ4لاکھ ٹن رہیں گے جو عالمی کھپت کا86 ہیں۔ واضح رہے کہ یہ عالمی اینڈنگ اسٹاکس میں 2009-10 کے بعد پہلی کمی ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق چین کے ذخائر7 فیصد کمی سے 1 کروڑ 20لاکھ ٹن اور باقی دنیا کے 9فیصدکمی سے 84 لاکھ ٹن رہیں گے تاہم یہ کمی رواں سیزن میں روئی کی عالمی پیداوار 15 فیصد گرنے کے باعث ہوگی جو 2 کروڑ 22 لاکھ ٹن متوقع ہے تاہم رواں سیزن میں عالمی کھپت 2 فیصد کمی سے 2 کروڑ39 لاکھ ٹن رہنے کی امید ہے۔

کھپت میں کمی کی وجہ پولیسٹرکے نرخوں میں کمی ہے، 2015-16 کے سیزن میں چین کی کھپت 5 فیصد کمی سے 71لاکھ ٹن، بھارت کی 2فیصدگھٹ کر53 لاکھ ٹن، ویتنام کی 22 فیصد کے اضافے سے 11لاکھ ٹن اور بنگلہ دیش کی 13 فیصد کے اضافے سے 11لاکھ ٹن رہنے کی امید ہے تاہم آئندہ سیزن میں روئی کی عالمی کھپت مستحکم رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں سیزن میں اگرچہ آسٹریلیا کی پیداوار 6 فیصد کے اضافے سے 5لاکھ 46ہزار ٹن رہے گی تاہم روئی کے 10 سرفہرست ممالک کی پیداوار میں کمی کا امکان ہے، کم قیمتوں کے باعث دنیا میں روئی کے زیرکاشت رقبہ 8 فیصد کمی سے 31.2 ملین ہیکٹرریکارڈ کیا گیا، غیرموافق موسمی حالات کی وجہ سے فی ہیکٹر عالمی پیداوار7فیصدکمی سے 711کلوگرام رہی۔

بھارت کی پیداوار 7 فیصد گھٹ کر6لاکھ ٹن سے نیچے آگئی جبکہ چین کی پیداوار 20 فیصدکمی سے 52لاکھ ٹن اور امریکا میں زیرکاشت رقبے اور فی ہیکٹر پروڈکشن میں نمایاں کمی کے باعث پیداوار21 فیصد گھٹ کر28لاکھ ٹن رہی تاہم آئندہ سیزن میں بہتر قیمتوں کی امید پر زیرکاشت رقبہ 1 فیصد بڑھ کر 31.9ملین ہیکٹر اور پیداوار 3 فیصد اضافے سے 23ملین ٹن رہنے کی امیدہے، رواں سیزن میں ویتنام، بنگلہ دیش و چین کی درآمد11لاکھ ٹن فی کس رہنے اور امریکی برآمد 12اور بھارت کی 22 فیصد بڑھنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ سال روئی کی عالمی تجارت 3 فیصد اضافے سے 76لاکھ ٹن رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں