اطالوی کمپنیاں پاکستان میں جوتاسازفیکٹریاں کھولیں گی

وفدکی پنجاب انویسٹمنٹ بورڈآمد،پیکیجنگ خام مال کی درآمدمیں بھی اظہار دلچسپی


Commerce Reporter March 19, 2016
ملاقاتیں جاری رکھنے پراتفاق، اطالوی سفیرکا ڈیری ودیگر شعبوں میں اشتراک عمل پر زور ۔فوٹو:فائل

ISLAMABAD: اٹلی کی متعدد کمپنیاں پنجاب میں جوتے بنانے کی صنعتیں لگائیں گی۔ اس عزم کا اظہار مختلف اطالوی کمپنیوں پر مشتمل وفد نے گزشتہ روز لاہور میں پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (پی بی آئی ٹی) کے ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران کیا۔

وفد کی قیادت پاکستان میں اٹلی کے سفیر اسٹیفانو پونٹیکوروکر رہے تھے، اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات پر بات کرنا اور دوطرفہ تجارت میں اضافہ کرنے کے طریقوں پر غور کرنا تھا تاکہ پاکستان اور اٹلی دونوں کو فائدہ پہنچے، وفد میں اٹلی کی سب سے بڑی پیکیجنگ کمپنی گوگلیو کے جنرل مینجر بھی شامل تھے۔

یہ کمپنی جوس اور زیتون کے لیے پیکیجنگ میں خصوصی مہارت رکھتی ہے، اسے پاکستان سے خام مال حاصل کرنے میں دلچسپی ہے اور پاکستان میں موجود امکانات سے بہت زیادہ متاثر ہے، پاکستان کی ممتاز جوتا ساز کمپنی کے چیئرمین وسیم زکریا بھی میٹنگ میں شریک تھے اور انہوں نے چمڑے اور جوتوں کی صنعتوں میں مختلف اطالوی کاروباری افراد کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے میٹنگ کے شرکا کو تجویز دی کہ اٹلی کی 15جوتاساز کمپنیوںکا کلسٹر بنایا جائے جو پنجاب میں جوتا سازی کا پلانٹ لگائیں گی۔

سید ٹریڈرز کے سید حسن رضا نے ڈیری صنعت میں پروسیسنگ کے حوالے سے اطالوی مندوبین کے ساتھ بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دودھ کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے اور موزریلا پنیر بنانے کے علاوہ پڑوسی ممالک کو حلال گوشت فراہم کرنے کے لیے بھینسوں کے 45ہزار فارم بنائے جا رہے ہیں۔

پی بی آئی ٹی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر آمنہ چیمہ نے کہا کہ پاکستان کی ڈیری اور لائیو اسٹاک صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور سعودی عرب کا بہت بڑا لائیو اسٹاک فارم پنجاب میں دوبارہ سے کھولنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ ان کے اپنے ملک میں فارمنگ کے حالات سازگار نہیں۔ وفد کے سربراہ اطالوی سفیر اسٹیفانو نے لائیواسٹاک و ڈیری، پیکجنگ، جوتا سازی، معدنیات، کانکنی سمیت متعدد صنعتوں اور شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اطالوی اشتراک عمل پر زور دیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر مس آمنہ چیمہ نے پنجاب میں اطالوی سرمایہ کاری کے امکانات پر خوشی کا اظہار کیا۔

میٹنگ بہت نتیجہ خیز ثابت ہوئی اور پاکستان و اٹلی کے درمیان تجارت بڑھانے کے حوالے سے آئندہ عملی منصوبے پر بات کرنے کی غرض سے مزید میٹنگز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں