کچھ ذائقے گاجروں کے

گاجر میں نشاستہ، فولاد، پروٹین، گلوکوز اور سب سے بڑھ کر وٹامن اے وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔


گاجر میں نشاستہ، فولاد، پروٹین، گلوکوز اور سب سے بڑھ کر وٹامن اے وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ فوٹو: فائل

گاجر ایک ایسی سبزی ہے، جسے کچا، اور پکا دونوں صورتوں میں بہت شوق سے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا رس نکال کر بلکہ اس کے اچار کو بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔

گاجر میں نشاستہ، فولاد، پروٹین، گلوکوز اور سب سے بڑھ کر وٹامن اے وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔

کم زور نظر والے افراد کے لیے گاجر کا رس بہترین دوا ہے۔ جلدی بیماریوں میں بھی گاجر کا رس اور کچا گاجر بہترین اور فعال کردار ادا کرتا ہے۔ یہ نہ صرف اعضائے رئیسہ کے لیے بہت اہم ہے، بلکہ جسم کو طاقت دینے میں لاثانی ہے۔ کولیسٹرول کو گھٹاتی ہے، اسی بنا پر دل کے مریضوں کے لیے بے حد مفید ہے۔ گاجر سے کئی اشیا بنائی جاتی ہیں۔ مثلاً گاجر کا حلوہ، گاجر کا اچار، سلاد، گجریلہ، وغیرہ۔

گاجروں سے سارا سال استفادہ کرنے کے لیے اسے اچار کی صورت میں محفوظ کیا جاتا ہے۔ اس کا طریقہ کار کچھ یوں ہے۔

ایک پاؤ بند گوبھی،آدھی پیالی تیل، ایک پاؤ گاجر، چار چمچے ہلدی، ایک پاؤ بڑی ہری مرچ، چار چمچے پسی ہوئی لال مرچ،تین چمچے کُٹی ہوئی لال مرچ، تین چمچے پسا ہوا دھنیا، دو چمچیکُٹا ہوا لہسن ادرک، آدھی پیالی سرکہ، دو چمچے پسی ہوئی رائی، نمک (حسب ذائقہ) لیجیے۔

بند گوبھی اور گاجر باریک کاٹ لیں، مرچیں میں درمیان سے پھانکیں ڈال لیں اور ایک بڑے تھال یا پیالے میں ڈال دیں، جس میں آسانی سے سب یک جان کیے جا سکیں، تیل کے علاوہ تمام مسالے، سبزیوں میں ڈال کر خوب اچھی طرح ملا لیں اور پھر اوپر تیل ڈال کر کانچ کے مرتبان میں بھر کر رکھ لیں۔ یہ اچار سال بھر تک استعمال کر سکتی ہیں۔ زیادہ مقدار میں بنائیں، تو کانچ کے برتن میں رکھ کر فریج میں رکھیں، ورنہ خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔

گاجر کے اچار کی ایک اور ترکیب کے لیے اجزا کچھ یوں ہیں۔

تین عدد گاجروں کو لمبی باریک پھانکوں کی صورت میں کتر لیں، پھر اس میں پسا ہوا لہسن، آدھا چمچا ادرک،آدھا چمچا لال مرچ، آدھا چمچا پسے ہوئے دھنیے کے علاوہ حسب ضرورت ہلدی اور نمک کے ساتھ ملائیں۔ پھر اس میں ایک چمچا تیل بھی شامل کر لیں اور دال کڑھی اور پلاؤ وغیرہ کے ساتھ مزے دار اچار نوش کریں۔

گاجر کو بطور مشروب استعمال کرنا چاہیں، تو دو کلو سرخ گاجریں، تین چمچے رائی، ڈیڑھ چمچا سرخ مرچ، آدھا چمچا کالا نمک اور حسب ضرورت سفید نمک لیجیے۔

شربت تیار کرنے کے لیے گاجروں کے چار چار ٹکڑے کر لیں۔ رائی باریک پیس کر تمام مسالوں کو ملا لیں، پھر کسی صاف مٹی کے گھڑے یا شیشے کے مرتبان میں چار لیٹر ڈال کر گاجروں کے ٹکڑے اور مسالا جات ڈال کر اچھی طرح ہلالیں، پھر اسے بند کر کے چار دن کے لیے چھوڑ دیں۔ مزے دار شربت تیار ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں