وفاقی ملازمین کیلیے ملک بھر میں5ہزار فلیٹس تعمیرکرنیکا فیصلہ

منصوبہ5سال میں مکمل ہوگا،وزیر اعظم راجا پرویز آئندہ سال فروری میں باقاعدہ اعلان کرینگے


عامر خان November 12, 2012
کراچی میں1500،لاہور1800، اسلام آباد700،کوئٹہ اور پشاور میں5,5سو فلیٹ بنیں گے. فوٹو : فائل

وفاقی حکومت نے ملک بھر میں اپنے ماتحت اداروں کے نچلے گریڈ کے ملازمین کے لیے فیڈرل ہائوسنگ اسکیم کے نام سے نیا رہاشی منصو بہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس منصوبے کا اعلان فروری2013میں وزیر اعظم راجا پرویز اشر ف کریںگے، اس ہائوسنگ اسکیم کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں 5 ہزار فلیٹس تعمیر کیے جائینگے، یہ منصوبہ5 برس میں مکمل ہوگا اور اس پر لاگت کاتخمینہ 10 سے 15ارب روپے لگایا گیا ہے، ذرائع کے مطابق وزارت ہائوسنگ نے ملک بھر کے وفاقی اداروں کے گریڈ 1سے 16تک کے ملازمین کیلیے نئی رہائشی اسکیم کے منصوبے کی کا غذی کارروائی مکمل کرکے جامع رپورٹ مرتب کرلی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں5 ہزار فلیٹس مرحلہ اور تعمیر کیے جائیں گے۔

منصوبے کے تحت کراچی میں1500، لاہورمیں 1800، پشاور اور کوئٹہ میں500، 500 اور اسلام آباد میں700 فلیٹس تعمیر ہونگے، یہ فلیٹس جی، ایچ، ایف اور بی کیٹیگری میں تعمیر کیے جائیں گے اور ہر رہائشی عمارت دس منزلہ ہوگی۔ رہائشی عمارت کے مختلف بلاکس میں50,50 فلیٹس بنا ئے جائیںگے، اس منصوبے کا آغاز وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد مارچ2013ء سے شروع ہوگا۔ یہ منصوبہ مرحلہ وار2017ء میں مکمل ہوگا، منصوبے کے پہلے مرحلے میں کراچی میں 300، لاہوراور اسلا م آباد میں 200،200،پشاوراورکوئٹہ میں 150،150 فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے،منصوبے کے پہلے مرحلے پر تعمیراتی کام جولائی2013میں شروع ہوگااور یہ کا م دوسال میں مکمل ہو جا ئے گا۔منصوبے کے دوسرے مرحلے پر تعمیراتی کام جولائی 2015 میں شروع ہوگااورتعمیراتی کا م 2018 میں مکمل کرلیاجائیگا۔

ذرائع کے مطابق ہر رہائشی یونٹ میں پانی وبجلی کی سہولیات کے ساتھ، کمیونٹی ہال، مسجد، پلے گرائونڈ اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس منصوبے کی ڈیزائننگ کیلیے ملک کی نامور کمپنی کی خدمات حاصل کی جائیں گی، وفاقی حکومت کی جانب سے اس منصوبے کی منظوری کے بعد اراضی کے حصول کیلیے تمام صوبائی حکومتوں سے رابطہ کیا جائے گا اور ان صوبائی حکومتوں سے وفاقی حکومت باقاعدہ اراضی خریدے گی، ذرائع نے مزید بتایا کہ اراضی کے حصول سے قبل وزارت ہائوسنگ کی ٹیم ان شہروں کا دورہ کرکے اراضی کی جانچ پڑتال اور محل وقوع کا جائزہ لے گی، ذرائع نے مزید بتایا کہ منصوبے کی منظوری کیلیے سمری مرتب کرکے وزیراعظم کو جلد بھیج دی جائے گی اور باقاعدہ وفاقی کابینہ میں اس منصوبے کو منظور کرایا جائیگا، اس اسکیم کے تحت تمام فلیٹس کو قوانین کے مطابق ملازمین کو فراہم کیے جائیں گے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں