ورلڈ ٹی ٹوئنٹی پہلا سیمی فائنل آج انگلینڈ اور نیوزی لینڈکے درمیان کھیلا جائے گا

نیوزی لینڈ کو ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل ہے


Sports Desk/AFP March 30, 2016
نیوزی لینڈ کو ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل ہے، فوٹو : فائل

ورلڈ ٹوئنٹی 20 کا پہلا سیمی فائنل بدھ کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈکے درمیان کھیلا جارہا ہے، کیویز کی دہشت سے انگلش دھڑکنیں بے ترتیب ہونے لگیں، ولیمسن الیون کامیابی کیلیے کارآمد اسپن گنز آزمائے گی، مچل سینٹنر اور ایش سودھی کے ساتھ ناتھن میک کولم کو بھی میدان میں اتارا جا سکتا ہے۔

نیوزی لینڈ کو ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل اور تاریخ کا پہلا آئی سی سی ٹائٹل اس کی پہنچ سے صرف 2 قدم کی دوری پر ہے، اب تک کیویز کا وننگ فارمولا کافی سادہ رہا،اس نے گروپ راؤنڈ میں چاروں میچز میں ٹاس جیتے، پہلے بیٹنگ کی، حریف سائیڈ کو اپنے اسپن جال میں الجھایا اور کامیابی کو گلے لگایا، دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیم نے گذشتہ چاروں مقابلے مختلف وینیوز پر کھیلے اور ہر مرتبہ کنڈیشنز کے بارے میں اندازے درست ثابت ہوئے۔

اب وہ اپنا پانچواں میچ پانچویں وینیو دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلنے والی ہے،ایک بار پھر انحصار اسپن گنز پر ہوگا، لیفٹ آرم اسپنر مچل سینٹنر اور لیگ اسپنر ایش سودھی اب تک چار مقابلوں میں مجموعی طور پر 17 وکٹیں لے چکے ہیں،اگر کپتان ولیمسن انگلینڈ کی افغانستان کے سلو بولرز کیخلاف اسی وینیو پر جدوجہد کو مدنظر رکھتے ہیں تو پھر ناتھن میک کولم کی صورت میں تیسرے اسپن آپشن کو بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

بیٹنگ میں بھی کیویز کو کسی مشکل کا سامنا نہیں، ٹاپ آرڈر میں مارٹن گپٹل کی صورت میں جارح مزاج بیٹسمین موجود جبکہ کولن منرو بھی حریف اٹیک کیلیے وبال جان بننے کا گُر جانتے ہیں، ولیمسن نے کہاکہ اس بار بھی ہم میدان میں مکمل پلاننگ کے ساتھ اترکرکامیابی حاصل کریں گے۔

دوسری جانب انگلش سائیڈ فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم پر مسلسل تیسرا میچ کھیلے گی، کپتان مورگن کو اسی بات کا زیادہ اطمینان ہے کہ ان کی ٹیم کنڈیشنز سے اچھی طرح واقف ہے،انھیں کیوی اسپن جال کا توڑکرنے کیلیے اسٹار بیٹسمین جوئے روٹ سے زیادہ امیدیں وابستہ ہیں، انھوں نے کہا کہ روٹ تینوں فارمیٹس میں ہمارے قابل بھروسہ بیٹسمین ہیں، اب تک ہم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، البتہ مشکل ترین کرکٹ ابھی باقی ہے، مگر ہم اپنا بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی کی پوری کوشش کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں