فلم انڈسٹری غیر ملکی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب

پاکستانی فلم ’’بچانا‘‘ 22 اپریل سے برطانیہ کے15سنیماؤں میں نمائش کے لیے پیش کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں


Pervaiz Mazhar April 10, 2016
پاکستانی فلم ’’بچانا‘‘ 22 اپریل سے برطانیہ کے15سنیماؤں میں نمائش کے لیے پیش کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پاکستان کی فلم انڈسٹری کی تیزی سے ترقی نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی اپنی طرف متوجہ کرلیا۔

گزشتہ چند سالوں کے دوران پاکستانی فلموں نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں زبردست کامیابی حاصل کی جس کے بعد ان ملکوں میں پاکستانی فلموں کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوگیا، غیر ممالک میں موجود فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری سے وابستہ افراد نے پاکستانی فلموں کی برطانیہ، امریکا، کینیڈا میں نمائش کے حقوق حاصل کرنے کے لیے معاہدے بھی کرلیے، گزشتہ دنوں ترکی، امریکا، کینیڈا، یو اے ای، برطانیہ بھارت کی اہم فلمی شخصیات نے پاکستان کا دورہ کیا اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سنیماؤں کو سراہا۔

پاکستانی فلم ڈائریکٹر مرتضی چوہدری نے ترکی، یو اے ای اور بھارت کے ساتھ مل کر فلم ''دل سے کہہ دو'' بنانے کا اعلان کیا ہے اس سے قبل پاکستان اور ترکی کے تعاون سے فلم ''زہر عشق'' بھی شروع کی جاچکی ہے چند بھارتی فلم پروڈیوسرز نے بھی مشترکہ فلم سازی کی خواہش ظاہر کی جب کہ پاکستانی فلموں کی برطانیہ میں نمائش کے لیے برٹش انٹر ٹینمنٹ اور گرین فلیگ نے ایک معاہدہ کیا ہے۔ پاکستانی فلم ''بچانا'' 22 اپریل سے برطانیہ کے15سنیماؤں میں نمائش کے لیے پیش کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔کینیڈا اور پاکستان کے تعاون سے ایک اور ٹیلی ویژن پروڈکشن ''اڈاری'' کے نام سے شروع ہوچکا ہے جس میں پاکستانی اور کینڈین فنکاروں نے کردار ادا کیے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں