سرحدوں پر اسکینرز کی تنصیب کے لیے مختلف تجاویز پر غور

پاکستانی برآمدات میں اضافے کیلیے وسطی ایشیائی ریاستوں میں تجارتی نمائشوں کا جامع منصوبہ بھی بنایا گیا ہے


اظہر جتوئی April 14, 2016
پاکستانی برآمدات میں اضافے کیلیے وسطی ایشیائی ریاستوں میں تجارتی نمائشوں کا جامع منصوبہ بھی بنایا گیا ہے فوٹو: فائل

NEW DELHI: وفاقی حکومت نے سرحدوں پر تجارتی سامان کی چیکنگ کیلیے اسکینرز کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں مختلف تجاویز پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔

وزارت تجارت کی دستاویزات کے مطابق اسکینرز کی مدد سے کنٹینروں کی چیکنگ تاجروں کا دیرینہ مطالبہ ہے کیونکہ کنٹینرز کی فزیکل تلاشی کے دوران برآمدی سامان کی پیکنگ خراب ہوتی ہے اور بیرون ملک اس کے کم دام ملتے ہیں، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور ای ڈی ایف سیکریٹریٹ' پورٹ حکام اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے ساتھ مل کر کنٹینرز کی چیکنگ کیلیے اسکینر لگانے کیلیے پلان ترتیب دینگے تاکہ اس منصوبے کو عملی جامع پہنایا جا سکے۔ دستاویزات کے مطابق پاکستان کی وسط ایشیائی ریاستوں کو زمینی راستے سے تجارت کیلیے ٹرکوں کو اس منصوبے سے فائدہ پہنچے گا۔ دریں اثناء پاکستانی برآمدات میں اضافے کیلیے وسطی ایشیائی ریاستوں میں تجارتی نمائشوں کا جامع منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔

منصوبے کے تحت وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان قازقستان، کرغزستان، ازبکستان اور تاجکستان میں مئی میں روڈ شوز کا انعقاد کریگی جس میں فارماسیوٹیکلز، ٹیکسٹائل،کھیلوں کے سامان، سرجیکل آلات، زرعی مصنوعات اور آٹو پارٹس کی نمائش کی جائے گی اور برآمدی آرڈر حاصل کرنے کیلیے پاکستانی تاجروں کی متعلقہ ملکوں کے کاروباری افراد کے ساتھ ملاقاتوں کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ کاروباری افراد کے مابین شراکت داری قائم کی جا سکے۔ پاکستانی برآمدات اور وسطی ایشیائی درآمدات میں تجارتی مطابقت ہے، پاکستان کے علاقائی رابطہ کاری کے پروجیکٹس کے آغاز کی بدولت تجارتی ترسیل میں آسانی پیدا ہو گی اور کم لاگت ترسیل کی بدولت برآمدی اشیا کی قیمتیں کم ہوں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں