ملالہ کی ساتھی طالبات شازیہ اورکائنات صحتیاب ہو گئیں

اپنی تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کیلیے بے چین ہیں، وائس آف امریکا کو انٹرویو


Sana News November 15, 2012
نفسیاتی صدمے سے باہر نکلنے میں دونوں طالبات کو ابھی کچھ وقت لگے گا،ڈاکٹروں کی رائے فوٹو : فائل

سوات میں9 اکتوبر کو ملالہ یوسفزئی پرطالبان کے حملے میں زخمی ہونے والی طالبات شازیہ رمضان اور کائنات ریاض اس وقت تقریباً صحت یاب ہو چکی ہیں اور ایک بار پھر اپنی تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے بے چین ہیں۔

اگرچہ انھیں آنے والی چوٹیں اتنی شدید نہیں تھیں جیسے کے ملالہ کے سر میں گولی لگی، مگر ڈاکٹروں اور والدین کا کہنا ہے کہ جسمانی زخموں کے بھر جانے کے باوجود نفسیاتی صدمے سے باہر نکلنے میں کائنات اور شازیہ کو ابھی کچھ وقت لگے گا۔

ان دونوں طالبات نے تاحال اپنے اسکول جانا شروع نہیںکیا لیکن ان کا ماننا ہے کہ دہشت گرد حملے میں موت کو انتہائی قریب سے دیکھنے کے باوجود ان کا علم حاصل کرنے کا جذبہ متاثر نہیں ہوا ہے اور وہ اپنی تعلیم کا سلسلہ سوات ہی میں رہ کر جاری رکھیں گی۔وائس آف امریکا کو ٹیلی فون انٹرویو میں طالبات نے بتایا کہ انھیں حکومت نے ہر ممکن علاج فراہم کیا اور ہر خاص و عام نے جس طرح ملالہ کے لیے دعائیں کیں ویسے ہی انھیں بھی یاد رکھا گیا۔شازیہ اورکائنات کہتی ہیںکہ ملالہ نے لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں جو صدا بلند کی تھی وہ مشن جاری رہنا چاہیے۔آٹھویں جماعت کی طالبہ شازیہ نے بتایا کہ سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں ملالہ پر حملے کے باوجود بظاہر لڑکیوں کی تعلیم پر کوئی فرق نہیں پڑا ہے اور معمول کے مطابق طالبات اپنے اسکولوں میں جا رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں