افغان طالبان نے مصالحتی وفد پاکستان بھجوانے کی تصدیق کردی

قطر سے آنے والے افغان طالبان کے وفد میں ملا شہاب الدین دلاور اور ملا جان محمد شامل ہیں، ذرائع


INP/این این آئی April 28, 2016
قطر سے آنے والے افغان طالبان کے وفد میں ملا شہاب الدین دلاور اور ملا جان محمد شامل ہیں، ذرائع:فوٹو: فائل

افغان طالبان نے مذاکرات کے لیے اپنا ایک وفد پاکستان بھجوانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان عوام کے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور پاکستانی حکام سے ملا برادر کی رہائی کی بات کی جائے گی۔

گزشتہ روزافغان طالبان کے قطردفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلامی امارت نے اپنا ایک وفد اسلام آباد بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔افغان طالبان نے ایسے وقت اپنا وفد پاکستان بھجوانے کی تصدیق کی کہ جب گزشتہ ہفتے کابل میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد افغان صدر اشرف غنی نے طالبان سے بھرپورمقابلے کا عندیہ دیا تھا۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق قطر سے آنے والے افغان طالبان کے وفد میں ملا شہاب الدین دلاور اور ملا جان محمد شامل ہیں، جبکہ کچھ طالبان رہنما پاکستان سے اس مصالحتی عمل میں افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہوں گے۔بیان میں کہا گیا کہ انھیں توقع ہے کہ یہ دورہ دونوں ملکوں کے مفاد میں نتیجہ خیز ثابت ہوگا۔

ذرائع کے مطابق قطرمیں مقیم افغان طالبان کا ایک وفد افغان حکومت سے براہ راست بات چیت کے لیے منگل کوکراچی پہنچا تھا تاہم پاکستان کے دفترخارجہ نے اس سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔طالبان کے قطر میں موجود دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ وفد پاکستانی حکام سے جیل میں قید دیگرافراد کی رہائی، افغان مہاجرین اور سرحدی علاقوں کے مسائل پر بھی بات کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں