آسٹریلیا نے ایلن ڈونلڈ کو بولنگ کوچ مقرر کردیا

ایلن ڈونلڈ کو سبکدوش کریگ میکڈرمٹ کی بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔


AFP April 29, 2016
ایلن ڈونلڈ کو سبکدوش کریگ میکڈرمٹ کی بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ فوٹو: فائل

کرکٹ آسٹریلیا نے سابق جنوبی افریقی پیسر ایلن ڈونلڈ کی بطور بولنگ کوچ تقرری کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

دورہ سری لنکا میں اسٹورٹ لا بیٹسمینوں کی رہنمائی کریں گے۔ ایلن ڈونلڈ کو عارضی طور پر کریگ میکڈرمٹ کی جگہ ذمہ داری سونپی گئی ہے جو بھارت میں منعقدہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے بعد سبکدوش ہو گئے تھے۔ ہیڈ کوچ ڈیرن لی مین نے ڈونلڈ کی خدمات میسر آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بولرز کو ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ماضی میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا میں بھی کوچنگ کر چکے ہیں، پروٹیز کیلیے 10 سال پر محیط شاندار کیریئر میں انھوں نے 330 ٹیسٹ اور 272 ون ڈے وکٹیں لیں۔

دوسری جانب سابق کینگرو بیٹسمین اسٹورٹ لا کو سری لنکا اور بنگلہ دیشی ٹیموں کی کوچنگ کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ دورہ سری لنکا میں ٹیسٹ میچز کے دوران بیٹسمینوں کی مدد کریں گے، موجودہ بیٹنگ کوچ کریگ بلیوٹ نے دوسرے بچے کی پیدائش کے سلسلے میں چھٹیاں لی ہوئی ہیں، آسٹریلوی ٹیم جولائی میں 2 ماہ کے دورے پر آئی لینڈرز کی مہمان بنے گی، اس سے قبل اسے ویسٹ انڈیز میں میزبان اور جنوبی افریقا کے ساتھ ٹرائنگولر سیریز کھیلنی ہے جس میں ایڈم گرفتھ عبوری بولنگ کوچ ہوںگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں