غزہ اوردیگرشہروں پر اسرائیلی حملے کھلی جارحیت ہیں الطاف حسین

شیعہ و سنی عوام محرم میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے گھنائونی سازشیں ناکام بنا دیں،اپیل.


Express Desk November 18, 2012
شیعہ و سنی عوام محرم میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے گھنائونی سازشیں ناکام بنا دیں،اپیل. فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے فلسطین کے شہرغزہ اوردیگرشہروں پر اسرائیلی میزائلوں کے حملوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انھیں کھلی جارحیت قراردیاہے اوران حملوں کے نتیجے میں متعددمعصوم وبے گناہ فلسطینیوں کی شہادت پردلی صدمہ کااظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون اور امریکی صدرباراک اوباماسے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنااثرورسوخ استعمال کرکے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کاعمل بند کرائیں اور اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو دنیا تیسری جنگ عظیم میں مبتلا ہوسکتی ہے۔

انھوں نے حکومت پاکستان خصوصاً صدر مملکت ، وزیراعظم اورمسلح افواج کے سربراہان سے بھی پرزوراپیل کی ہے کہ فلسطین کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے معاملے پرفی الفور تمام مسلم ممالک کے سربراہان کا اجلاس پاکستان میں بلایاجائے جس میںتمام اسلامی ممالک یک زباں ہوکرتحریری طورپرفیصلہ کریں کہ اب ہم اسرائیلی جارحیت کومزید برداشت نہیں کریں گے۔ انھوں نے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میںشہیدوزخمی ہونے والے معصوم وبے گناہ فلسطینیوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کیا اور زخمیوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا کی۔ دریں اثناالطاف حسین نے شیعہ و سنی عوام اور علمائے کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران ہم آہنگی کا مظاہرہ کرکے فرقہ وارانہ فسادات کی گھنائونی سازشوںکو ناکام بناد یں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھ کر ہی مسلم امہ کے اتحاد کو نہ صرف مضبوط کیا جاسکتا ہے بلکہ دنیا بھر کو امن ، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کا پیغام دیکر دین اسلام کے سنہری اصولوں کی اس کی روح کے مطابق ترجمانی کی جاسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں