وفاق کا رمضان پیکیج میں 1 ارب 30 کروڑروپے سبسڈی دینے کا فیصلہ

یوٹیلٹی اسٹورز پرہزار اشیا پر5 تا 15فیصد سبسڈی دی جائیگی،950 گرام چائے پر 56 روپے، 20 کلو آٹا 80 روپے سستا ہوگا


اظہر جتوئی May 12, 2016
مصالحہ جات اورمشروبات بھی سستے ہونگے، سمری ای سی سی کوبھجوا دی،منظوری کے بعد عملدرآمد ہوگا،وزارت صنعت وپیداوار فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے رمضان پیکیج کے تحت ایک ارب، 30 کروڑروپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے، 5 ہزار یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے ملک بھرمیں چینی دال ، آٹا، کھجوریں، گھی، بیسن، چنا، چاول، دودھ، مشروبات سمیت ایک ہزار سے زائد اشیا پر 5 فیصد سے15فیصد تک سبسڈی دی جائیگی۔

ایکسپریس کوموصولہ دستاویزات کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار نے رمضان پیکیج کی سمری ای سی سی کو بھجوا دی ہے جس کی منظوری کے بعد رمضان پیکیج پر عملدرآمد شروع ہو جائیگا،رمضان پیکیج رمضان مبارک سے ایک ہفتہ قبل نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ کے اعلان کے موقع سے شروع کرنے کی تجویز پر غورکیا جا رہا ہے۔

رمضان پیکیج کے تحت ملک بھرکے تمام یوٹیلٹی اسٹورز پر چائے 950 گرام کا پیک بازار سے56 روپے سستا، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا بازارکی نسبت 80روپے سستا، یوٹیلٹی گھی بازارسے 20 روپے سے 60 روپے سستا، باسمتی چاول فی کلو 16 روپے، سفید چنا 15روپے فی کلو، بیسن 14 روپے فی کلو،کھجور 50روپے فی کلو،دال مونگ،دال مسور،دال ماش پر 10 روپے سے 15 روپے فی کلوکی بچت ہوگی، ٹیٹرا پیک دودھ فی لیٹر15روپے، مصالحہ جات اور مشروبات سستے داموں فروخت کیے جائیں گے۔ وفاقی حکومت کی طرف سے رمضان پیکیج کا مقصد عام صارفین کو مصنوعی مہنگائی سے بچانا اور اس کی حوصلہ شکنی کرنی ہے، پیکیج کو مانیٹرکرنے کیلیے آپریشن روم بنایا جائیگا تاکہ عام آدمی کو فوائدپہنچ سکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں