گھونسلوں سے انڈے چُرانے پر ’ نوبیل انعام‘

کارل کی متنازع حکمت عملی کے مثبت نتائج دیکھ کر ناقدین اس کی کاوشوں کو سراہنے پر مجبور ہوگئے۔


Nadeem Subhan May 17, 2016
کارل کی متنازع حکمت عملی کے مثبت نتائج دیکھ کر ناقدین اس کی کاوشوں کو سراہنے پر مجبور ہوگئے۔ :فوٹو : فائل

چوری کرنا بُرا کام ہے مگر جب یہ کام نیک مقصد کے لیے کیا جائے تو پھر بُرا نہیں رہتا۔ پروفیسر کارل جونز کے پیش نظر غالباً یہی بات تھی۔ علم حیاتیات پر عبور رکھنے والے پروفیسر کارل کا تعلق ویلز سے ہے۔ رواں برس اسے انڈیانا پولس پرائز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ تحفظ حیوانات کے ضمن میں گراں قدر خدمات انجام دینے والی شخصیات اس انعام کی حق دار ٹھہرتی ہیں۔ انڈیانا پولس پرائز تحفظ حیوانات کے شعبے کا اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے ' نوبیل پرائز آف اینیمل کنزرویشن' بھی کہا جاتا ہے۔

علم حیاتیات کی تعلیم حاصل کرنے کے دوران کارل جونز نے نایاب پرندوں کی بقا کی کوششوں کو اپنا مقصد بنالیا تھا۔ یونی ورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے اور عملی زندگی میں قدم رکھنے کے بعد کارل نے اپنے اولین پروجیکٹ کے طور پر ماریشس میں پائے جانے والے چھوٹے عقاب کی افزائش نسلکو منتخب کیا۔ یہ 1970ء کے عشرے کی بات ہے۔ وہ مشرقی افریقا میں واقع ملک میں پہنچا اور چھوٹے عقاب کی نسل کو بچانے کی منصوبہ بندی شروع کردی۔ تحفظ حیوانات کے اداروں کی رپورٹوں کے مطابق اس وقت اس نسل کے صرف چار عقاب بچے تھے۔ یوں اس وقت ماریشس کا چھوٹا عقاب سطح ارض پر نایاب ترین پرندہ تھا اور اس کی نسل معدوم ہونے کو تھی۔

کارل جونز نے عقاب کی نسل بچانے کے لیے ان کے گھونسلوں سے انڈے چُرانے کا متنازع طریقہ اختیار کیا۔ حیاتیات کی اصطلاح میں اسے captive breeding اور double-clutching کہا جاتا ہے۔ اس طریقے یا تیکنیک میں نایاب پرندوں کے گھونسلوں میں سے انڈے لے کر انھیں انکوبیٹر میں موزوں درجۂ حرارت پر رکھ دیا جاتا ہے۔ انڈوں کے غیاب پر مادہ جلد دوبارہ انڈے دینے پر مجبور ہوجاتی ہے۔ یوں ان پرندوں کی افزائش نسل تیزی سے ہوتی ہے۔ یہ طریقہ اپنانے پر کارل جونز کو معاصرین تنقید کا نشانہ بناتے اور ' چور' کہتے رہے، مگر وہ طنز وتشنیع کی پروا کیے بغیر اپنے کام میں جُتا رہا۔ کارل کی حکمت عملی کام یاب رہی اور ایک عشرے کے بعد ماریشس کے چھوٹے عقابوں کی تعداد 300 تک پہنچ گئی۔ ایک اندازے کے مطابق اب ماریشس کے جنگلوں میں اس نسل کے نصف ہزار عقاب اڑتے پھرتے ہیں۔

کارل کی متنازع حکمت عملی کے مثبت نتائج دیکھ کر ناقدین اس کی کاوشوں کو سراہنے پر مجبور ہوگئے۔ چار عشروں پر مشتمل پیشہ ورانہ زندگی میں، گھونسلوں سے انڈے چُرا چُرا کر ماہر حیاتیات نے نو قسم کے پرندوں کو ناپید ہوجانے سے بچایا جن میں گلابی کبوتر، بولنے والے توتے اور چڑیا کی ایک نسل شامل ہے۔

پروفیسر کارل جونز کی طویل اور گراں قدر خدمات کے اعتراف میں چند روز قبل انھیں لندن کے نیچرل ہسٹری میوزیم میں منعقدہ تقریب میں تحفظ حیوانات کے شعبے کا ' نوبیل پرائز' اور ڈھائی لاکھ ڈالر کی انعامی رقم کا چیک دیا گیا۔ انڈیانا پولس پرائزوصول کرتے ہوئے کارل کی آنکھیں نم تھیں۔ ان ساعتوں کو اس نے زندگی کے یادگار ترین لمحات قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ تنقید سے گھبراجاتا تو یہ موقع اس کی زندگی میں کبھی نہ آتا۔ پروفیسر کارل جونز ان دنوں ڈرل وائلڈ لائف کنزرویشن ٹرسٹ کے چیف سائنٹسٹ اور ماریشن وائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے سائنٹیفک ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں