ہاں ہاں باقی سب اچھا ہے صاحب

ارے صاحب چھوڑیے ناں!یوں سمجھیں کہ ہم نےہاتھ دعا کیلئے اٹھائے اور اللہ نے چھپڑ ایسا پھاڑا کہ بند ہونیکا نام نہیں لے رہا


شاہد کاظمی May 17, 2016
لوگوں کو تو اور کچھ کام ہی نہیں، کہتے ہیں سات سوال کریںگے اور سات جواب لیںگے۔ بھلا کوئی پوچھے کہ میں کسی امتحانی ہال میں بیٹھا ہوں جو مجھ سے کوئی سات سوال پوچھنے کی جرات کر پائے؟

RAWALPINDI: عالمی اداروں کی درجہ بندی میں پشاور دوسرا آلودہ ترین شہر بن کر سامنے آیا ہے، اس کےعلاوہ ''سب اچھا ہے صاحب''۔ راولپنڈی کا اس درجہ بندی میں نمبر چوتھا ہے بس یہی مسئلہ ہے باقی اس کےعلاوہ سب اچھا ہے جناب، اور ہاں اس فہرست میں کراچی بھی پہلے 15 شہروں میں شامل ہے اور تو کوئی مسئلہ نہیں باقی سب اچھا ہے۔

کیا کہا آلودگی میں ٹمبر مافیا ملوث ہے؟ ارے نہیں وہ تو فرشتے درخت اکھاڑ لے گئے جناب باقی تو سب اچھا ہے۔ یہ آپ نے کیا بے پر کی اُڑائی کہ وسائل کے حوالے سے امیر ترین اور مالی لحاظ سے غریب ترین بلوچستان کا ایک افسر کروڑوں کی نقدی سمیت پکڑا گیا؟ ارے نہیں صاحب وہ تو اُس نے ''ملکی خزانے'' میں جمع کروانے کے لئے گھر میں چھپائے ہوئے تھے۔ نہ جانے کس بے وقوف کو شک ہوگیا کہ وہ کرپشن کا پیسہ ہے۔ نہ جانے یہ عقل کے اندھے کیوں بڑھکیں لگاتے پھر رہے ہیں کہ یہ کرپشن بلوچستان کے ڈھائی سالہ لوٹو پروگرام کا ایک ٹریلر ہے۔ ارے صاحب ایسا کچھ نہیں ہے وہ غریب بے قصور ہے۔ ملکی خزانے رکھنے والی الماریاں خراب ہوگئی تھیں، سو گھر میں رکھ لئے، بس اتنی سی بات ہے۔

ارے صاحب لوگوں کو تو اور کچھ کام ہی نہیں، کہتے ہیں سات سوال کریں گے سات جواب لیں گے۔ بھلا کوئی پوچھے کہ میں کسی امتحانی ہال میں بیٹھا ہوں جو مجھ سے کوئی سات سوال پوچھنے کی جرات کر پائے؟ بس ہم تو ایک ہی جواب دیں گے صاحب! نہ ہم نے کچھ کیا ،نہ ہمارے بچوں نے کچھ کیا، نہ ہی پاء جی نے کچھ کیااور نہ پاء جی کے سپوتوں نے۔ کیا کہا کچھ کیا نہیں تو تحقیقات سے ڈر کیوں؟ ارے نہیں نہیں حضور ہم ڈرتے ورتے کسی سے نہیں وہ تو اس لئے مروتاً کہا کہ تحقیقات میں بھی ہم نے کچھ ظاہر تو ہونے دینا نہیں تو خواہ مخواہ کا ملکی خزانے پر بوجھ کیوں بھلا؟


صاحب ہم نے بتا دیا نا کہ ہمارے خاندان نے 23 سالوں میں 9 ارب سے زائد کا ٹیکس دیا۔ بس کافی ہے نا! کیا کہا آپ نے؟ کہ جس پر 9 ارب ٹیکس دیا وہ اثاثے کیسے بنائے؟ ارے صاحب چھوڑیئے ناں! کیوں گڑے مردے اکھاڑتے ہیں۔ بس یوں سمجھیں کہ ہم نے ہاتھ دعا کے لئے اُٹھائے اور اللہ نے چھپڑ ایسا پھاڑا کہ بند ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ پھر سوال؟ دبئی اور جدہ کی ملز کہاں سے بنائیں؟


ارے صاحب ایک تو پاکستانی سوال بہت کرتے ہیں۔ دیکھیں ہمارے اجداد نے چھوٹا سا کاروبار شروع کیا۔ یہ الگ بات کہ اس چھوٹے سے کاروبار کا افتتاح 1972 میں دبئی کے حکمرانوں نے کیا، باقی تو یہ چھوٹا سا کاروبار ہی تھا صاحب۔ صاحب پھر یہ مل بیچی جدہ میں بنائی وہ پھر 17 ملین ڈالر میں بیچی اور لندن میں فلیٹ خرید لیا۔ کیا؟ پاکستان میں کیوں نہیں خریدا؟ ارے صاحب باہر کا پیسہ باہر رکھنا چاہیئے، کیوں پاک دھرتی کو اس گندے پیسے سے میلا کرتے؟ اور اب 17 ملین ڈالر مالیت کی فیکٹری کا نہ پوچھیے گا کیسے بنی۔ آپ کو چھپڑ والی بات بتائی ناں؟ جی بس وہی یاد رکھیں۔ پھر ہم سیاست میں آگئے اور آپ کو پتا ہے کہ پاکستان میں سیاست میں آنے کے بعد ''اللہ کا کرم'' شروع ہو جاتا ہے۔



ارے یاد آیا ہماری سعودی عرب میں ''ہل میٹلز'' (Hill Metals) ابھی کامیابی کے جھنڈے گاڑھ رہی ہے۔ صاحب آپ بے شک تحقیقات کروالیں، دیکھ لیجئے گا دودھ ہماری طرف اور پانی عوام کی طرف رہ جائے گا۔ صاحب کراچی میں سمندر سے لانچ پکڑی جائے ہم کبھی بولے؟ نازک اندام حسینائیں ڈالر گرل بن جائیں ہم کبھی بولے؟ نہیں نا؟ تو صاحب جی پھر ہم نے چند کھرب کا چونا لگادیا تو کون سا قیامت آ گئی؟ ارے چونا کرپشن نہیں۔ بس چونا وہ لیپا پوتی والا کہ کھایا پیا کچھ نہیں گلاس توڑا بارہ آنے۔

صاحب چھوڑیں سوالات و جوابات کو یہ لوگ تو بس جذباتی ہیں۔ دیکھیں ہم آپ کو بھی گڑ سکھائیں گے کہ کیسے صنعتیں قومیانے کی پالیسی میں بھی آجائیں۔ خالی ہاتھ ملک سے در بدر کردیا جائے۔ پھر بھی دبئی، جدہ و لندن میں نہ صرف کاروبار پھلتے پھولتے ہیں بلکہ دن دوگنی رات چوگنی ترقی بھی کرتے ہیں۔ ہاں ہاں صاحب ہم اس پر ایک کتاب لکھنے کا بھی سوچ رہے ہیں۔ جس میں ایک سو ایک طریقے بھی ہوں گے کہ کیسے سب کچھ چھن جائے تو بھی اس ملک میں دوبارہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔



بس صاحب آپ جوابات دے دے کر تھک گئے۔ آپ بس میٹرو کی سواری کیجیئے۔ ٹرین بھی آئی ہی چاہتی ہے۔ ہمارے صاف دامن دیکھیے۔ ہماری عوامی خدمت دیکھیے۔ ہماری لندن و سعودی عرب کی جائیدادوں کی ترقی کے لئے دعا کیجیئے۔ بھولیے گا نہیں ''ہل میٹلز'' کی ترقی کی دعا کرنا بھی اور باقی میں آپ کو بھی بتانا چاہتا ہوں اور پوری قوم کو بھی کہ ہرگز مایوس نہ ہوں کیوں کہ ''پاکستان میں سب اچھا ہے صاحب''۔

[poll id="1116"]

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔