بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جولائی تا مارچ47 فیصد کا اضافہ

آٹو غیرمعدنی دھاتی مصنوعات فرٹیلائزر فوڈ اورفارما سیکٹر کی کارکردگی بہتر،لیدر کیمیکلزکی پیداواربھی بڑھی


Business Desk May 18, 2016
مارچ میں خوراک ومشروبات کی بدولت ایل ایس ایم گروتھ 6.75 فیصدرہی، خلاف توقع ٹیکسٹائل اورآٹوسیکٹرسکڑگئے فوٹو: فائل

آٹو، غیرمعدنی دھاتی مصنوعات، فرٹیلائزر، فوڈ اورفارما سیکٹر کی اچھی کارکردگی کے باعث جولائی تامارچ 2016 کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.70 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا جبکہ مارچ میں ایل ایس ایم گروتھ سال بہ سال 6.75 فیصد رہی جس میں خوراک و مشروبات کے شعبے کا حصہ سب سے زیادہ رہا جبکہ کھاد کے شعبے کی کارکردگی بھی بہتر رہی تاہم خلاف توقع ٹیکسٹائل اور آٹوسیکٹرسکڑ گیا، مارچ میں فروری کے مقابل بڑی صنعتوں کی پیداوار 6.34 فیصد بڑھی۔

پاکستان بیوروشماریات کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 9ماہ کے دوران آٹوموبائلز کی پیداوار میں 23.43 فیصد کا اضافہ ہوا، آٹو سیکٹر نے اس دوران41.68 فیصد کے اضافے سے 3ہزار940 ٹرک، 81.95 فیصد کے اضافے سے 746 بسیں،29.73 فیصد کے اضافے سے 1لاکھ 37 ہزار688 کاریں اور جیپیں، 68.53 فیصد کے اضافے سے 29ہزار 529لائٹ کمرشل وہیکلز اور17.22 فیصد کے اضافے سے 15لاکھ 13ہزار 571 موٹر سائیکلیں تیار کیں، ان 9ماہ میں نائیٹریٹ اور فاسفیٹ کھاد کی پیداوار بالترتیب16.31اور 12.95 فیصد بڑھی جبکہ مجموعی طور پر کھاد سیکٹر کی پیداوار میں 15.92 فیصد اور خوراک و مشروبات کی پیداوار میں 3.66فیصد کا اضافہ ہوا۔

اس دوران غیردھاتی معدنی مصنوعات کی پیداوار 10.23 فیصد بڑھی اور فارماسیوٹیکلز سیکٹر نے 7.21 فیصد زائد پیداوار دی، چمڑے کی مصنوعات کی پیداوار میں 12.18 فیصد، کیمیکلز کی پیداوار میں 10.01 فیصد، ٹیکسٹائل سیکٹر کی پیداوار میں 0.62 فیصد اور کوک وپٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 2.40 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا جبکہ ربر پروڈکٹس کی پیداوار 11.68 فیصد بلند ہوئی تاہم آئرن واسٹیل، الیکٹرونکس، پیپر اینڈ بورڈ، انجینئرنگ گڈز اور لکڑی کی مصنوعات کے شعبے سکڑ گئے۔

بیورو شماریات کے مطابق مارچ میں سال بہ سال 6.75 فیصدبڑھی جس میں مرکزی کردار 17.77 فیصد زائد پیداوار کے ساتھ خوراک و مشروبات کے شعبے کا رہا، غیردھاتی معدنی مصنوعات، کھاد، فارما سیوٹیکلز، لیدر اور پیپراینڈ بورڈ سیکٹر کا حصہ بھی نمایاں رہا، اس کے علاوہ کیمیکل اور ربر پروڈکٹس کے شعبے نے بھی ترقی اگرچہ یہ نسبتاً محدود رہی تاہم خلاف توقع مارچ میں ٹیکسٹائل کا شعبہ سکڑ گیا، کوک وپٹرولیم مصنوعات، آٹوموبائل سیکٹر نے بھی منفی گروتھ ظاہر کی جبکہ آئرن واسٹیل، الیکٹرونکس، انجینئرنگ اور ووڈ پروڈکٹس کے شعبے بھی سنبھل نہ سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں