ڈیوٹی کانفاذ گاڑیوں کے پارٹس مہنگے ہونے کا امکان

زیروریٹنگ ختم،رامٹیریل پر ایک ،پارٹس پرڈیوٹی 10فیصدکرنے کی تجویز


اظہر جتوئی June 01, 2016
زیروریٹنگ ختم،رامٹیریل پر ایک ،پارٹس پرڈیوٹی 10فیصدکرنے کی تجویز فوٹو: فائل

نئے مالی سال کے بجٹ میں گاڑیوں کے پارٹس مہنگے ہونے کا امکان ہے۔اس سلسلے میں گاڑیوں کے پارٹس پر زیرو ریٹنگ ختم کرکے ڈیوٹی کے نفاذکا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق بجٹ میں تجویزکیاگیاہے کہ گاڑیوں کے را مٹیریل پر زیروریٹنگ ختم کرکے ایک فیصد ڈیوٹی ٹیرف عائدکیا جائے جبکہ سب کمپونینٹ آٹو پارٹس پر ڈیوٹی5فیصدسے بڑھا کر 10 فیصدکی جائے۔کمپلیٹ ناکڈ ڈاؤن آٹو پارٹس نان لوکل پر32.5فیصدسے ڈیوٹی گھٹاکر 30 فیصد عائدکی جائے۔ سی کے ڈی لوکل کاٹیرف بھی50فیصدسے گھٹا کر 45 فیصد کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق کمپلیٹ بلٹ یونٹ کے ٹیرف میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہ کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔کمپلیٹ بلٹ یونٹ800سی سی پر50فیصد،801سے 1000سی سی55 فیصد ٹیرف، 1001 سی سی سے1500سی سی پر60فیصد، 1501 سی سی سے1800سی سی75فیصد ٹیرف عائدکرنے کی تجویزدی گئی ہے۔اسی طرح موٹر سائیکل،موٹرسائیکل رکشہ،آٹو رکشہ اور تین ویل کارگو لوڈرکے را مٹیریل کی زیرو ریٹنگ بھی ختم کر کے ایک فیصد ٹیرف عائدکئے جانے کی تجویز ہے۔اسطرح کی اقسام کے مکمل تیار یونٹس پر ایک جیسا50فیصد ٹیرف عائد کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔